اسما الحسنیٰ- مشکلات کا حل

یہ مجموعہ اس خواہش، تمنا اور حرص کے تحت جمع کیا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ بس صرف اور صرف اپنے رب کو پکاریں اور اس کے پیارے پیارے ناموں کے ورد سے دنیا و آخرت کے مزے لوٹیں۔ جب انسان کو زمین پر بھیجا گیا تو اس کے گرد مسائل اور ذمہ داریوں کا ہجوم تھا۔ اکیلا انسان کیا کچھ کرے؟ ایک طرف دنیاوی تقاضے تو دوسری طرف آخرت کی تیاری کا حکم، ایک طرف فطری اور بشری کمزوریاں تو دوسری طرف عبادت کی ذمہ داری… ان مشکلات سے خلاصی کے لیے انسان کو اسماء الحسنیٰ کا تحفہ دیا گیا۔ جن میں اس کے جملہ مسائل کا حل موجود ہے اور وہ ان اسماء الحسنیٰ کی روشنی، رہنمائی اور ہدایت میں وہ سب کچھ کر سکتا ہے جو کچھ اسے کرنا چاہئے اور ان تمام چیزوں سے بچ سکتا ہے، جن سے اسے بچنا چاہئے۔ پس خوش نصیب ہے وہ شخص جو اسماء الحسنیٰ کی طرف متوجہ ہو، انہیں یاد کرے، سمجھے، خوب پڑھے اور ان میں غور کرے۔ انسان اپنی فطری کمزوری کی وجہ سے ’’ترغیب‘‘ کا محتاج ہے، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ جب اسے پتہ چلتا کہ میرے پیارے رب کے پیارے پیارے نام ہیں اور اس نے ان ناموں کے ذریعے خود کو پکارنے اور مانگنے کا حکم دیا ہے اور حضور اکرمؐ نے فرمایا ہے کہ جو ان ناموں کو یاد کرے گا جنت میں جائے گا، بس یہ فوراً ان ناموں (اسماء الحسنیٰ) میں مگن ہو جاتا اور اپنی زندگی کے ہر سانس کو ان ناموں کے ذکر سے معطر کر کے ان خزانوں کو پالیتا، جو ان ناموں کے اندر چھپے ہوئے ہیں، مگر اکثر انسان ایسا نہیں کرتے… انہی کی ترغیب کے لیے اسماء الحسنیٰ کے کچھ خواص جمع کر دیئے گئے ہیں۔ یہ خواص قرآن و سنت سے ماخوذ نہیں ہیں، بلکہ ماضی میں خدا کے نیک بندوں نے ان پیارے ناموں سے جو منافع کمائے، انہوں نے ان کو لکھ دیا تاکہ دوسرے لوگ بھی ان منافع کو حاصل کر سکیں۔ یہ خواص اسماء الحسنیٰ کے کمالات کا احاطہ نہیں کر سکتے، بلکہ یہ تو ایسا ہے جس طرح جنت کے پھلوں کو سونگھا کر جنت کی ترغیب دی جائے، خوشبو اپنی جگہ مگر ذائقہ یقیناً اس سے بڑھ کر ہوتا ہے۔ پس یہ خواص خوشبو کی طرح ہیں، مگر جو یقین کے ساتھ ان اسماء کو پڑھے گا، وہ نفضل خدا اس ذائقے کو پالے گا، جو خوشبو سے بہت افضل اور اعلیٰ ہے۔ اسماء الحسنیٰ کے بعض خواص کو دیکھ کر لوگ حیرانی سے پوچھتے ہیں کہ چند بار یہ نام پڑھ کر اتنا بڑا فائدہ کیسے حاصل ہو سکتا ہے؟ ایسے لوگوں کے لیے بس اتنی گزارش ہے کہ وہ دوبارہ اپنے دل کو یہ بات یاد دلائیں کہ آخر یہ نام کس ذات کے ہیں؟ کیا اس سے بڑھ کر یا اس سے بڑی بھی کوئی چیز ہے؟ نہیں ہرگز نہیں… تو پھر شک، شبہے اور خلجان کی کیا بات ہے۔ بے شک اسماء الحسنیٰ کے ورد سے ان خواص سے بڑھ کر فوائد ملتے ہیں کوئی دل دے کر تو دیکھے… (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment