رسول اکرمؐ کا خواب:
رسول اکرمؐ نے صحابہ کرامؓ کے مجمع میں فرمایا کہ میں نے خواب دیکھا ہے کہ میرے سامنے دودھ کا پیالہ لایا گیا۔ میں نے اسے پیا، حتیٰ کہ اس کی تازگی میرے ناخنوں تک پہنچ گئی۔ پھر میں نے اس کا بقیہ حصہ عمرؓ کو دے دیا۔ لوگوں نے پوچھا کہ حضور ! اس کی تعبیر کیا ہے؟ فرمایا: علم۔
ایک دفعہ حضور اکرمؐ نے فرمایا کہ ’’خواب میں لوگ میرے سامنے پیش کئے گئے، وہ قمیض پہنے ہوئے تھے، ان میں سے بعض کی قمیض سامنے سے زیادہ لمبی تھی۔ عمرؓ میرے سامنے پیش ہوئے تو ان کی قمیض زمین تک بچھی ہوئی تھی۔‘‘ لوگوں نے پوچھا ’’حضور ! اس کی تعبیر کیا ہے؟‘‘
فرمایا: دین!
ایک اور موقع پر حضور اکرمؐ نے فرمایا کہ میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ ایک کنوئیں پر کھڑا ہوں۔ اس پر ایک ڈول پڑا ہے، میں نے اس میں سے ڈول نکالے جتنے خدا کی مرضی تھی، پھر وہ ڈول ابوبکرؓ نے لے لیا، اس نے بھی ایک دو ڈول آہستہ آہستہ نکالے، پھر وہ ڈول بڑا چرسہ بن گیا اور عمرؓ بن الخطاب نے اسے جا تھاما۔ میں نے ایسا کوئی جوان مرد نہیں دیکھا، جو عمرؓ کی طرح چرسہ کھینچتا ہو۔ حتیٰ کہ چاروں طرف سے پیاسے آئے اور خوب سیراب ہوئے۔‘‘
حضرت امام نوویؒ تہذیب میں لکھتے ہیں کہ یہ اشارہ حضرت صدیق اکبرؓ اور حضرت عمر فاروقؓ کی خلافت کی طرف ہے۔ یعنی حضرت فاروق اعظمؓ کے عہد خلافت میں اسلام کو بہت غلبہ ہو گا اور فتوحات کی کثرت ہو گی۔ (جاری ہے)