قیصر چوہان
ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کیخلاف بھارت من پسند پچ استعمال کرے گا۔ اس ضمن میں دبئی اسٹیڈیم میں دو نئے ٹرف کا مٹیریل بھارت سے منگوایا گیا ہے۔ جہاں ’’سائیڈ ٹوبی‘‘ کے نام سے منسوب پچ بلیو شرٹس کیلئے مختص کی گئی ہے۔ یہ پچ کوئی اور ٹیم استعمال نہیں کر سکے گی۔ بھارت نے فائنل تک اسی وکٹ پر ریکارڈز بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بلیو شرٹس پہلے ہانگ کانگ کے خلاف برانڈ نیو پچ پر میچ کھیلے گا۔ اس کے بعد یہی پچ بھارت پاکستان کے خلاف بھی استعمال کرے گا۔ اس خصوصی پچ پر اسپنرز کا راج ہوگا۔ جبکہ بھارتی ٹیم انتظامیہ نے اس مردار وکٹ پر روہت شرما کو بڑی اننگ کھیلنے کا ٹاسک دیا ہے۔ بھارت پہلے بیٹنگ کرکے حریف کو گھیرنے کا خواہشمند ہے۔ ادھر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گرین شرٹس سے جیت کی صورت میں کوہلی کی ٹیم میں ڈرامائی واپسی کا قوی امکان ہے۔
گلف نیوز، انڈین ایکسپریس اور دیگر بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے بطور میزبان اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنانے کیلئے پوری فیلڈنگ لگا رکھی ہے۔ ایک منظم پلان کے تحت وینوز میں ٹیموں کا میچ اور پچز کی تیاری کیلئے ہوم گرائونڈ طرز کی حکمت علمی بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت نے اپنے قابل اعتماد پچ کیوریٹر ٹوبی لمزڈین سے پچز تیار کروائی ہیں۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایشیا کپ کی شروعات سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دو نئی پچز تیار کرائیں۔ جن کا مٹیریل بھارتی ریاست اتر پردیش سے امپورٹ کرایا گیا ہے۔ یہ بات طے ہوئی ہے کہ بھارت کی پچ پر کسی اور ٹیم کو میچز کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس پچ کا نام سائیڈ ٹو بی رکھا گیا ہے۔ جبکہ دوسری پچ کو سائیڈ اے بی کا نام دیا گیا ہے۔ سائیڈ ٹو بی میں بھارت نے اس طرز کی وکٹ تیار کی ہے، جہاں کوہلی اور دھون بڑی اننگ کھیلنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ جبکہ بھارتی اسپنر ایشون اور جدیجہ بھی بڑا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارتی بورڈ نے اس طرز کا شیڈول ڈیزائن کیا ہے، کہ بھارت دبئی میں ہی اپنے تمام میچز کھیلے گا۔ جبکہ بھارت نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سپر 4 مرحلے میں پاکستان کے میچز ابو ظہبی میں طے کردیئے ہیں۔ پوائنٹس پوزیشن کچھ بھی ہو، گرین شرٹس کو اسی وینیو پر کھیلنا پڑے گا۔ سپر 4 مرحلے میں کس ٹیم کو پہلے کس کے ساتھ اور کہاں کھیلنا ہے، اس کا فیصلہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی بنیاد پر ہوگا۔ لیکن یہ بات طے ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ دبئی میں ہی کھیلے گا۔ رپورٹ کے مطابق سیکورٹی معاملات کی وجہ سے ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کروانے والے بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بطور میزبان انہیں میچز کے وینیوز کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ بھارت کو ایشیا کپ میں صرف پاکستان سے مقابلے کی فکر ہے۔ پاکستان کے خلاف ہائی پروفائی میچ کیلئے بھارتی میڈیا نے ہوم ٹیم انتظامیہ کی میچ پلاننگ کچھ اس انداز میں بیاں کی ہے کہ منگل کو ہانگ کانگ سے شیڈول میچ میں پچ سائیڈ ٹوبی کی کارکردگی کا معائنہ کیا جائے گا اور ٹیسٹ کیس کے طور پر بھارت اس میچ میں پہلے بیٹنگ کا خواہشمند ہوگا۔ جبکہ پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں بھی بھارت اپنی مردار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا ہی متمنی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ بھارتی ٹیم انتظامیہ کو یقین ہے کہ ٹاس ہارنے اور جیتنے یا پہلے بیٹنگ اور بالنگ کی صورت میں بھی تیار کردہ خصوصی وکٹ بھارتی ٹیم کو ہی سپورٹ کرے گی۔ پچ رپورٹ کے مطابق دبئی کے چیف پچ کیوریٹر ٹوبی لمزڈین کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے بینادی طور پر دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دو نئی پچ تیار کی گئی ہیں۔ اس وکٹ پر کوئی بھی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 270 رنز کا مجموعہ بآسانی حاصل کرسکتی ہے۔ جبکہ دوسری اننگ میں ڈیو فیکٹر کے باوجود ابتدائی 15 اوورز میں بالرز کو بالخصوص اسپنر کو فائدہ ہوگا۔ پچ کی تیاری میں یہاں کے گرم ترین کنڈیشنز کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ میچ جیسے جیسے آگے بڑھے گا پچ کی صورت حال بلے بازوں کیلئے مزید سازگار ثابت ہوگی۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویرات کوہلی کو بھارتی بورڈ نے اسٹینڈ بائی رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ بھارتی میڈیا میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 19 ستمبر کو پاکستان سے کامیابی کی صورت میں کوہلی ٹیم کو دوبارہ جوائن کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اماراتی گرائونڈز کو پاکستانی ٹیم کا مضبوط قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان اپنے ہوم میچز یو اے ای میں ہی منعقد کرتا رہا ہے۔ ٭