چاند کے سیاحتی ٹور پر جانے والا پہلا شخص جاپانی ہوگا

صفی علی اعظمی
چاند کے سیاحتی ٹور کیلئے پہلے مسافر کا انتخاب کرلیا گیا۔ امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے چاند کے اپنے پہلے کمرشل سفر کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت جاپانی ارب پتی تاجر اور فیشن اسٹور ’’زوزو‘‘ کے بانی یوساکو مائیزاوا چاند کے پہلے مسافر ہوں گے۔ انہیں امریکی خلانوردوں کے بعد دنیا کا پہلا انسان ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا، جو چاند کی سرزمین پر گیا۔ یو ایس اے ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کی جانب سے جاپانی ارب پتی کے نام کا اعلان لاس اینجلس میں ایک تقریب میں کیا گیا۔ لیکن ان کے اس سفر کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم اسپیس ایکس کا دعویٰ ہے کہ چاند کا یہ اہم ترین سفر مئی یا جون 2023ء میں ممکن ہوسکے گا۔ کیونکہ جاپانی ارب پتی تاجر کو خلا میں سفر اور چاند تک پہنچانے والی یہ اسپیشل خلائی گاڑی اور اس کا راکٹ (بگ فلکن راکٹ) ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ اس جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل راکٹ کو2021ء میں تیار کرلیا جائے گا۔ یہ بگ فیلکن راکٹ کہلائی جانے والی مشین اس قدر جدید اور طاقت ور ہوگی کہ جاپانی ارب پتی تاجر یوساکو مائیزوا سمیت ان کے ساتھیوں کو چاند کی سیر کرائے گی۔ اس کے بعد اسے امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے حوالہ کردیا جائے گا۔ یہ راکٹ مستقبل میں چاند سمیت مریخ کا مسلسل سفر کرے گا اور یہاں خلائی اسٹیشنوں تک مطلوبہ ساز و سامان پہنچانے کا کام بھی کرے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق جاپانی تاجر یوساکو مائیزاوا جو اس وقت بیالیس برس کے ہیں، اپنے چاند کے سفرکے وقت سینتالیس برس کے ہوجائیں گے۔ اس دوران ان کا مسلسل طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ وہ چاند کے مشکل سفر کیلئے طبی، ذہنی اور نفسیاتی اعتبار سے مکمل فٹ رہیں۔ امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی عام انسان کیلئے یہ سفر انتہائی یادگار ہوگا جس کے دوران خلائی جہاز پر بیٹھ کر یہ لوگ چاند کی فضا میں 6 روز تک رہیں گے اور چاند کی سطح کا انتہائی قریب سے مشاہدہ بھی کرسکیں گے۔ اس سلسلے میں انتہائی خوش دکھائی دینے والے جاپانی ارب پتی تاجر نے کہا ہے کہ وہ انتہائی خوش ہیں اور چاند کے سفر کیلئے پر عزم بھی ہیں۔ واضح رہے کہ جاپانی ارب پتی تاجر بین الاقوامی آرٹ کے نمونے اور قیمتی کاریں جمع کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ گزشتہ برس وہ ایک امریکی مصور جین مشال باسکیا کی بنائی ہوئی ایک پینٹنگ نیلامی میں 11 کروڑ ڈالر میں خرید کر سبھی کو حیران کرچکے ہیں۔ اب ان کی جانب سے چاند کے سفر کیلئے کروڑوں ڈالرز کی رقم امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کو جمع کرا دی گئی ہے۔ اسپیس ایکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ انسان بردار خلائی گاڑی تیار کر رہی ہے جس میں جاپانی ارب پتی یوساکو مائیزاوا کو ان کے 6 ساتھیوں کے ساتھ بھیجے گی جن کا انتخاب خود یوساکو مائیزاوا کریں گے۔ جاپانی جریدے یوری شمبھون نے بتایا ہے کہ یوساکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ہمراہیوں میں 6 فنکاروں سمیت ڈیزائنرز اور تخلیق کاروں کو چاند پر لے جائیں گے جہاں کے سفر کے دوران یہ تمام ماہرین اور فنکار اپنے تجربات کو فن پاروں کی شکل میں ڈھالیں گے تاکہ دنیا کو معلوم ہوسکے کہ ایک فن کار چاند کے غیر معمولی سفرکو کیسا محسوس کرسکتا ہے۔ ادھر خلائی سائنس سے جڑے عالمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جاپانی ارب پتی تافر کا چاند کا سفر خالی خولی یا محض خیر سگالی کے سبب نہیں بلکہ اس کیلئے یوساکو مائیزاوا نے کئی کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی ہے تبھی ان کو چاند کے کمرشل سفر کیلئے پوری دنیا کے امیدواروں کے جم غفیر میں سے چنا گیا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے ادائیگیوں کے حوالے سے خاموشی اختیار کی ہے۔ یاد رہے کہ مختلف امریکی کمپنیوں نے خلائی ٹورازم کی تیاریاں شروع کررکھی ہیں۔ اسپیس ایکس کے علاوہ خلائی سفر کی تشہیر کرنے والی کمپنیوں میں ورجن گیلکٹک اور بلیو اوریجن شامل ہیں۔ ان کمپنیوں نے کئی اداکاروں اور معروف شخصیات سے چاند کے رائونڈ ٹرپ کا کرایہ پیشگی میں ہی وصول کرلیا ہے، البتہ روانگی کی تاریخوں کا اعلان اب تک نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ اب تک چاند کا سفر کرنے والے امریکی خلانوردوں کی کل تعداد 24 ہے جو مختلف اپالو مشنز کی مدد سے چاند کا سفر کرچکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment