امت رپورٹ
کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ مال بنانے کیلئے بکیوں کے بڑے ہدف ٹیموں کے کپتان بن گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے 12 ماہ کے دوران پانچ کپتانوں کو ورغلانے کی کوشش کی گئی۔ کرکٹ ٹیم کے قائد کو گھیرنے کا مقصد پورا میچ فکس کرنا ہوتا ہے۔ دوسری جانب ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں ہیٹ ٹرک شکست کی پیشگی اطلاعات نے کھلبلی مچادی ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آئی سی سی عمر اکمل کے فکسنگ انکشافات کی فائل ری اوپن کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابقانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس وقت جن بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے، ان میں کرپشن کی روک تھام سب سے اہم ہے۔ آئی سی سی کے جنرل مینجر اینٹی کرپشن یونٹ الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران بک میکرز نے پانچ کپتانوں سے رابطہ کیا، جنہوں نے اس بارے میں آئی سی سی کو فوراً رپورٹ کر دی۔ ان پانچ کپتانوں میں چار آئی سی سی کے مکمل رکن ممالک کے کپتان شامل ہیں۔ الیکس مارشل نے بریفنگ میں بتایا کہ پچھلے 12 ماہ کے دوران آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے 32 تحقیقات کیں، جن میں سے 23 ایسی ہیں، جن کے بارے میں آئی سی سی کو مطلع کیا گیا۔ اس عرصے میں آٹھ کرکٹر کرپشن میں ملوث پائے گئے، جن میں چار سابق کرکٹرز شامل ہیں۔ الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں کرپشن کے سلسلے میں بھارتی بک میکرز سب سے نمایاں ہیں۔ بک میکرز کے لئے اپنے مقاصد حاصل کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ ٹی20 لیگز ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کپتان کو اپروچ کرنے کا مقصد پورا میچ ہی فکس کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بغیر بک میکرز کے لئے پورا میچ فکس کرنا ممکن نہیں، لہٰذا وہ یا تو اسپاٹ فکسنگ کرتے ہیں یا میچ کے کسی ایک خاص سیشن پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کو اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی جانب سے ٹی 10 لیگ کی شفافیت کے بارے میں آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی مانگی گئی ہے۔ ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال آئی سی سی سے اس ضمن میں کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا۔ تاہم آئی سی سی کو اس لیگ کے بارے میں ذرا بھی تشویش ہوئی تو اس سلسلے میں صرف پاکستان ہی نہیں، دیگر کرکٹ بورڈز کو بھی مطلع کیا جائے گا۔ آئی سی سی کسی بھی رکن ملک کو اپنے یہاں صرف ایک لیگ تک محدود کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے امارات کرکٹ بورڈ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ایمریٹس لیگ کرا رہا ہے اور ساتھ ہی ٹی 10 لیگ بھی ہو رہی ہے، تو یہ اس پر منحصر ہے کہ وہ یہ دیکھے کہ کرکٹ کیلئے بہترین کیا ہے۔ آئی سی سی چاہتی ہے کہ کرکٹ ہو۔ وہ اسے روکنا نہیں چاہتی۔ البتہ اس کے نزدیک سب سے اہم چیز کھیل کا وقار ہے۔ دوسری جانب بکیوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں ہیٹ ٹرک شکست کی پیش گوئی کر دی ہے۔ ممبئی میں موجود راہول نامی بکی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ فکسڈ ہو چکا ہے۔ اس میچ میں بھی پاکستان کو شکست ہوگی، جیسے ابتدائی دو میچوں میں ہوئی۔ یہ سب پلان کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اس بار بکیوں نے بھارت کی جیت یقینی بنانے کیلئے فی ڈاٹ بال کی قیمت پانچ ہزار ڈالر رکھی ہے۔ دیگر اسپاٹ کے ریٹ اس بھی دگنے ہیں۔ ادھر عمر اکمل کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے کرپشن کیس کے حوالے سے انٹر نیشنل مینجر اینٹی کرپشن یونٹ ایلکس مارشل نے کہا ہے کہ عمر اکمل کی فائل بند نہیں ہوئی ہے اور ان کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس جون میں عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2015ء کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے اور دو گیندیں نہ کھیلنے پر دو لاکھ ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلتا، مجھے پیشکش کی جاتی کہ میچ نہ کھیلوں۔ اس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی۔ لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں۔ تاہم عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو دی تھی یا نہیں۔ یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے بازوں کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔ عمر اکمل کی جانب سے پنڈورا بکس کھولے جانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویڈیو لنک پر دو ماہ قبل عمر اکمل کا انٹرویو لیا تھا۔ عمر اکمل اس وقت حبیب بینک کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کر رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭