احمد نجیب زادے
بھارت میں اپنے دشمنوں کو قتل کرانے کیلئے ’’سپاری کلنگ‘‘ بزنس عروج پر پہنچ گیا ہے۔ صرف رواں سال کے ابتدائی آٹھ ما ہ میں قتل کی وارداتوں کیلئے دو ارب روپے سپاری دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ دہلی، مہاراشٹر، بہار، یوپی، راجستھان، ہریانہ، پنجاب اور مدھیا پردیش وغیرہ میں سپاری بزنس سے وابستہ درجنوں گینگ سرگرم ہیں۔ ہائی پروفائل شخصیت کے قتل کیلئے سپاری ایک کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ بھارتی کرمنل ریکارڈ بیورو کا کہنا ہے کہ کرائے کے قاتلوں کو عام لوگوں کے خلاف تو استعمال کیا ہی جارہا ہے، لیکن سپاری دے کر سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں کو بھی قتل کرایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس شہلا مسعود، مسٹر کلبرگی، گوری لنکیش سمیت متعدد دانشوروں کو قتل کرایا جا چکا ہے۔ تازہ ترین کیس راجستھان راجکوٹ کے ایڈووکیٹ کرت جوشی کا ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں پولیس نے ایک کروڑ سپاری لئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ کرت جوشی کو جائیداد کے تنازعے میں دبئی پلٹ قاتلوں نے ٹھکانے لگایا تھا۔ حیدرآباد، ملکاج گری پولیس نے اڑتیس سالہ شیو کمار کو دس لاکھ سپاری دے کر اپنی بیوی کو قتل کرا نے کی کوشش میں گرفتار کیا ہے۔ قاتل کو بروقت ایڈوانس کی دو لاکھ کی رقم ادا کرنے میں تاخیر کے سب اس کی بیوی سے رابطہ کرلیا اور ساری رام کہانی سنا دی جس پر شیو کمار کی بیوی نے اس کو اریسٹ کروا دیا۔ ملکاج گری پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر کے مطابق پولیس نے اس دلچسپ کیس میں شوہر کو اقدام قتل اور دو مقدمات میں گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شوہر شیو کمار نے اپنی بیوی سے بزنس کیلئے دو کروڑ مانگے تھے۔ لیکن اس کی بیوی نے انکار کردیا تھا جس پر شیو کمار کو شدید رنج تھا کیونکہ اس کے مطابق اس کی بیوی اپنے والد کی جائیداد میں بہترین حصہ دار تھی اور اس کو دو کروڑ کی ادائیگی کرسکتی تھی۔ لیکن جب شیو کمار نے قاتل کو دس لاکھ کی سپاری دی اور اپنی بیوی کو قتل کرانے کیلئے قاتل سے رابطہ اور معاہدہ کرلیا تواس کو ایڈوانس کی دو لاکھ رقم کی ادائیگی میں تاخیر ہوگئی جس پر قاتل نے شیو کمار کی بیوی سے رابطہ کرکے تمام صورت حال سے ثبوتوں، کال ریکارڈنگ اور تصویروں کے ساتھ آگاہ کردیا جس پر انجلی نامی اس خاتون نے پولیس سے رابطہ کرکے شوہر کو گرفتار کروادیا۔ بائیکلہ، آگری پاڑہ سے پولیس نے ایک بزنس مین سکند ساہا کو اپنے پارٹنر اسلم خان کے قتل کی سپاری دینے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔ قاتلوں نے اس کیس میں اسلم خان کو ہلاک کرنے کیلئے گولیاں چلائیں لیکن خوش قسمتی سے اسلم خان بچ گیا۔ پولیس نے اس کیس کی تفتیش میں یہ نکتہ جان لیا کہ ساہا اپنے پارٹنر اسلم خان سے مزید رقم یا منافع کا مطالبہ کررہا تھا جو اس کو اسلم خان نے دینے سے انکار کردیا تھا۔ ادھر ممبئی کی رہائشی ایک 40 سالہ خاتون نے اپنے 44 سالہ شوہر کے قتل کیلئے دو کروڑ سپاری ادا کرنے کی ہامی بھری تھی، لیکن کام پورا ہوجانے کے بعد اس نے قاتلوں کو ڈبل کراس کرکے محض ایک کروڑ میں معاملہ سلجھانے کا دبائو ڈالا تو قاتلوں نے پولیس کو ’’ٹپ‘‘ دے کر تمام معاملہ چوپٹ کر دیا۔ ممبئی کی کلیان پولیس کے تفتیشی افسران نے بتایا ہے کہ چوالیس سالہ بزنس مین شنکر گائیکواڑ نے اپنی ممبئی، کلیان میں واقع جائیداد کو 15 کروڑ میں بیچا تھا، جس پر مخالف بزنس مین نے شنکر کی بیوی آشا گائیکواڑ کو اپروچ کیا اور اسے کہا کہ شوہر کو قتل کرائے گی تو اس کو پانچ کروڑ الگ سے ملیں گے اور جائیداد کو کسی اونچے بلڈر کو 30 کروڑ میں بیچا جاسکتا ہے، جس میں اس کا بھی حصہ ہوگا۔ اس پر شنکر کی بیوی آشا گائیکواڑ نے اپنے شوہر کو قتل کرانے کیلئے ایک کرائے کے قاتل کا بندوبست کیا اور ڈھائی کروڑ میں ڈیل کی۔ لیکن کام مکمل ہونے کے بعد اس نے سپاری کلر دوبے کو محض ایک کروڑ دینے کی بات کی، جس پر قاتل نے کلیان پولیس کو’’ٹپ‘‘ دے دی کہ شنکر کے قتل میں اس کی بیوی آشا ملوث ہے جو اس کی جائیداد کو مخالف بزنس مین کے ساتھ مل کر کھانا چاہتی تھی۔ اس پر پولیس نے آشا کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کی اور دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کرائے کے قاتلوں کے بارے میں ممبئی پولیس کے ایک سینئر تفتیش کار کھرانا نے بتایا ہے کہ سپاری بزنس اس وقت عروج پر ہے اور کسی کو بھی قتل کرانا اب بہت آسان ہے۔ کرائے کے قاتل دیہات اور گائوں میں موجود ہوتے ہیں ان کو سماجی رابطوں کی سائٹس سے خبر کی جاتی ہے اور سپاری کی رقم طے کی جاتی ہے۔
٭٭٭٭٭