شاہی شادی کے اخراجات پر برطانوی عوام بپھر گئے

ایس اے اعظمی
برطانوی شاہی خاندان کی رکن شہزادی یوجین کی شادی کے ممکنہ بھاری اخراجات پر برطانوی عوام بپھر گئے۔ اکتوبر میں ہونے والی شہزادی یوجین کی شادی پر 25 ملین پائونڈ پھونکے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس پر ہزاروں شہریوں نے آن لائن پٹیشن کے ذیعے حکومت سے کہا ہے کہ شاہی شادی کے اخراجات حکومت ٹیکس گزاروں کی رقوم سے ادا کرنے کے بجائے شہزادہ اینڈریو سے وصول کرے۔ سماجی رابطوں کی سائیٹس پر ہزاروں برطانوی شہریوں نے کہا ہے کہ ماضی میں شاہی خاندان نے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ شاہی شادیوں پر دل کھول کر خرچ کیا ہے، لیکن اس بار ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ برطانوی ٹیکس گزار عوام کی جانب سے آن لائن پٹیشن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بار نا صرف شاہی شادیوں پر عوام کا پیسہ نہ خرچ کیا جائے، بلکہ اس بارے میں ایک مفصل رپورٹ شائع کرکے بتایا جائے کہ اب تک برطانوی شاہی خاندان کی شادیوں میں کتنا عوامی پیسہ خرچ کیا گیا ہے۔ شاہی خاندان کی شاہ خرچیاں روکنے کیلئے معروف ویب سائٹ republic.org.uk نے بتایا ہے کہ شاہی خاندان کے شاہی ایونٹس سے برطانوی عوام کی اکثریت نالاں ہے اور ایک سروے میں علم ہوا ہے کہ 66 فیصد برطانوی عوام شہزادہ ہیری اور مارکیل کی شادی سے نالاں تھے، جبکہ 56 فیصد برطانوی ٹیکس گزاروں کا خیال ہے کہ شاہی خاندان کی شادیوں اور تقریبات پر عوامی پیسہ نہ خرچ کیا جائے اور شاہی خاندان اپنی تقریبات کا خرچ خود اُٹھائیں۔ 76 فیصد برطانوی عوام کا کہنا ہے کہ اگر ان کو شاہی خاندان کی شادیوں میں شریک ہونے کی دعوت دی جائے گی تو وہ اس میں شریک نہیں ہونا چاہیں گے۔ شہزادی یوجین کی شادی کوئی ہائی پروفائل ایونٹ نہیں ہے اور نہ ہی شاہی خاندان نے شہزادی کو کوئی شاہی ذمہ داری یا عہدہ دیا ہوا ہے اس لئے ان کی شادی میں اور تقاریب سے عوام کی کوئی جذباتی وابستگی دکھائی نہیں دیتی اور کئی براڈ کاسٹنگ اداروں نے شہزادی یوجین کی شادی کی لائیو کوریج سے معذرت کی۔ برطانوی میڈیا نے اندازے کے اعتبار سے بتایا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ کی پوتی شہزادی یوجین کی شادی پر صرف سیکورٹی کی مد میں دو ملین پائونڈ خرچ ہوں گے اور باقی ماندہ پر تعیش ایونٹس اور مہمانوں کے قیام پر کل ملا کر 25 ملین پائونڈ خرچ ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چار ماہ قبل ہونے والی شہزادہ ہیری کی شادی کے بارے میں برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ تقریبات کیلئے 35 ملین ڈالر کے اخراجات کی ادائیگیاں برطانوی حکومت نے کی تھیں، جس پر برطانوی عوام شادی سے ناراض تھے اور اب جبکہ شہزادہ چارلس کے چھوٹے بھائی پرنس ایڈورڈ کی چھوٹی صاحبزادی شہزادی یوجین کی شادی اکتوبر میں ہورہی ہے تو اس شادی کے ممکنہ پچیس ملین پائونڈ کے خطیر اخراجات پر شدید اعتراضات پیدا ہوگئے ہیں۔ دس ہزار سے زائد برطانوی شہریوں نے برطانوی پارلیمنٹ دار العوام میں اس ضمن میں ایک درخواست بھی جمع کرائی ہے جس میں عوام کے ٹیکس گزاروں کے پیسہ کو شاہی خاندان پر نہ خرچنے کیلئے زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہزادے چارلس کے بڑے صاحبزادے ولیم کی کیٹ مڈلٹن سے شادی کی تقریبات پر ٹیکس گزاروں کو 24 ملین پائونڈ کا ٹیکا لگایا جاچکا ہے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment