فضائل درود شریف

سیدنا عمرؓ روتے ہوئے کہہ رہے تھے: حضور! میرے ماں باپ آپ پر قربان، اگر حضرت موسیٰؑ کو حق تعالیٰ جل شانہ نے یہ معجزہ عطا فرمایا ہے کہ پتھر سے نہریں نکال دیں تو یہ اس سے زیادہ عجیب نہیں ہے کہ خدا جل شانہ نے آپؐ کی انگلیوں سے پانی جاری کر دیا (کہ حضورؐ کا یہ معجزہ مشہور ہے) حضور! میرے ماں باپ آپ پر قربان کہ اگر حضرت سلیمانؑ کو ہوا صبح کے وقت میں ایک مہینہ کا راستہ طے کرا دے اور شام کے وقت میں ایک مہینہ کا طے کرا دے تو یہ اس سے زیادہ عجیب نہیں کہ آپؐ کا براق رات کے وقت میں آپ کو ساتویں آسمان سے بھی پرے لے جائے اور صبح کے وقت آپ مکہ مکرمہ واپس آ جائیں۔ حق تعالیٰ ہی آپ پر درود بھیجے۔ حضور! میرے ماں باپ آپ پر قربان، اگر حضرت عیسیٰؑ کو حق تعالیٰ نے یہ معجزہ عطا فرمایا کہ وہ مردوں کو زندہ فرما دیں تو یہ اس سے زیادہ عجیب نہیں کہ ایک بکری جس کے گوشت کے ٹکڑے آگ میں بھون دیئے گئے ہوں وہ آپؐ سے یہ درخواست کرے کہ آپ مجھے نہ کھائیں، اس لئے کہ مجھ میں زہر ملایا گیا ہے۔ حضور! میرے ماں باپ آپ پر قربان، حضرت نوحؑ نے اپنی قوم کے لئے یہ ارشاد فرمایا: ’’اے رب کافروں میں سے زمین پر بسنے والا کوئی نہ چھوڑ‘‘ اگر آپؐ بھی ہمارے لئے بددعا کر دیتے تو ہم میں سے ایک بھی باقی نہ رہتا۔ بے شک کافروں نے آپؐ کی پشت مبارک کو روندا کہ جب آپ نماز میں سجدہ میں تھے، آپ کی پشت مبارک پر اونٹ کا بچہ دان رکھ دیا تھا اور غزوئہ احد میں آپؐ کے چہرہ مبارک کو خون آلودہ کیا، آپؐ کے دندان مبارک کو شہید کیا اور آپؐ نے بجائے بددعا کے یوں ارشاد فرمایا ’’خدا میرے قوم کو معاف فرما کہ یہ لوگ جانتے نہیں (جاہل ہیں)‘‘ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment