حفیظ واپسی نے ٹیم میں جان ڈال دی

امت رپورٹ
ایشیا کپ میں نظر انداز کئے جانے والے محمد حفیظ نے اپنی اہمیت کا احساس دلادیا ہے۔ ان کی کی واپسی نے قومی ٹیسٹ ٹیم میں جان ڈال دی ہے۔ جس کے باعث دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز طویل فارمیٹ کی طاقتور ٹیم آسٹریلیا مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ پروفیسر نے کینگروز بالرز کو آڑے ہاتھوں لیکر دلکش سنچری بنا ڈالی۔ جبکہ اس دوران ساتھی اوپنر امام الحق نے بھی تجربہ کار بیٹسمین کا بھر پور ساتھ دیا، دونوں نے ڈبل سنچری کی پارنٹر شپ قائم کی۔ یوںگرین کیپس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو ایشیا کپ میں بلاوجہ ڈراپ کیا گیا تھا۔ اگر وہ ٹیم کا حصہ ہوتے تو شاید نتائج اچھے ہوتے اور پاکستان ایشیا کپ کا فائنل کھیل سکتا تھا۔ مجھے حیرت ہے کہ سلیکٹرز نے محمد حفیظ کو ٹیسٹ کی 15 رکنی ٹیم میں بھی شامل نہیں کیا تھا۔ یہ تو اچانک انہیں بلایا گیا، اور وہ کارآمد ثابت ہوئے۔ انہوں نے ٹیسٹ کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ شدید گرمی کے سبب بالرز اور فیلڈرز کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔ پاکستان کا میچ ٹاس جیتنا فائدہ مند ثابت ہوا۔ پاکستان کو کم ازکم اپنی پہلی اننگ میں چار سو رنز بنانے ہوں گے، تاکہ اس بیٹنگ سپورٹ وکٹ پر آسٹریلیا کو ٹف ٹائم دیا جا سکے۔ دریں اثنا دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ گزشتہ روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوا۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے۔ اس لئے یہاں ابتدا میں سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں بلال آصف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ دوسری جانب آسٹریلین ٹیم میں 3 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا۔ ان میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے تجربہ کار بیٹسمین ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیوسکاگنی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے ہیں۔2 سال بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ کی شاندار سنچری اور امام الحق کے ساتھ 205 رنز کی اوپننگ شراکت نے پاکستانی اننگز کو ایک مستند بنیاد فراہم کر دی ہے۔ دونوں اوپنرز نے نہایت محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ محمد حفیظ نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے۔ جبکہ امام الحق کی بلے بازی بھی قابل تعریف رہی۔ انہوں نے اپنے پارٹنر حفیظ کی نسبت زیادہ نپے تلے انداز سے بیٹنگ کی۔ محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر اپنے کیرئیر کی دسویں سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 205 رنز پر گری، جب اوپنر امام الحق 76 رنز بناکر آسٹریلوی بالر لیون کا نشانہ بنے۔ اس کے بعد ٹیم کے مجموعے میں محض 16 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ 222 کے مجموعی اسکور پر اوپنر محمد حفیظ 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پیٹر سڈل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے بلے باز اظہر علی وکٹ پر آتے ہی پریشان نظر آئے۔ انہوں نے نہایت سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 80 گیندوں پر محض 18 رنز بناکر جون ہولینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو قومی ٹیم کے 255 رنز تھے۔ حارث سہیل 15 رنز، جبکہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے وکٹ پر آنے والے محمد عباس ایک رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹر سڈل، نیتھن لیون اور جون ہولینڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلین ٹیم کی کپتانی ٹم پین کر رہے ہیں۔ جبکہ میدان میں شان مارش ان کے نائب ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، مچل مارچ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیوسکاگنی، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور جان ہولینڈ شامل ہیں۔ ادھر پاکستان نے بھی آسٹریلیا کو دبئی میں زیر کرنے کے لیے اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یاسر شاہ نسبتاً نئی اور کمزور آسٹریلین بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے۔ واضح رہے کہ نوجوان اسپنر شاداب خان پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور اسپن کے شعبے میں تمام امیدیں یاسر شاہ سے وابستہ کی جارہی ہیں۔ ٭

Comments (0)
Add Comment