اَلْمُجِیْبُ جل جلالہ
ترجمہ: دعائیں سننے اور قبول کرنے والا
عدد: 55
خواص:
(1) جو کوئی کثرت سے یَا مُجِیْبُ پڑھا کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی دعائیں بارگاہ الٰہی میں قبول ہونے لگیں گی، جو اپنے پاس لکھ کر رکھے گا، رب تعالیٰ کی امان میں رہے گا۔
(2) جو کوئی درد سر کے لیے تین بار پڑھ کر دم کرے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو درد سر دور ہوگا۔
(3) جو طلوع شمس کے وقت پچپن بار پڑھنے کا معمول بنائے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو مستجاب الدعوات ہو گا۔
اَلْکَرِیْمُ جل جلالہ
ترجمہ: بہت کرم کرنے والا
عدد: 270
خواص:
(1) جو شخص روزانہ سوتے وقت ’’یا کریم‘‘ پڑھتے پڑھتے سو جایا کرے، رب تعالیٰ اس کو علماء و صلحاء میں عزت نصیب فرمائیں گے اور غیب سے روزی عطاء فرمائیں گے۔
(2) جو شخص اَلْکَرِیْمُ ذُوالطَّوْلِ الْوھَّابُ کو کثرت سے پڑھے، اس کے اسباب و احوال میں برکت ظاہر ہو گی۔
اَلرَّقِیْبُ جل جلالہ
ترجمہ: بڑا نگہبان۔
عدد: 312
خواص:
(1) اس کا ذکر کرنے سے مال و عیال محفوظ رہتے ہیں۔
(2) اگر کسی کی کوئی چیز گم ہو گئی ہو تو بکثرت اس کا ورد کرنے سے واپس مل جاتی ہے۔
(3) سفر میں جاتے وقت اپنی اہل و اولاد میں سے جس پر کوئی خطرہ یا فکر ہو اس کی گردن پر ہاتھ رکھ کر سات بار پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ مامون رہے گا۔
(4) جوکوئی اس اسم کو سات بار یا ستر بار اپنی بیوی، فرزند یا مال پر پڑھ کر دم کرے، جنات اور تمام دشمنوں اور آفتوں سے محفوظ رہیں اور اس کا رعب بھی بڑھ جائے گا۔
(5) جو کوئی پھوڑے پھنسی پر تین بار پڑھ کر پھونک دے، شفا حاصل ہوگی۔
(6) جو کوئی اپنا مال اسباب گاڑی وغیرہ کہیں چھوڑتے وقت اس اسم کو پڑھ لے تو چوری سے حفاظت رہے گی۔ مجرب ہے۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭