معارف و مسائل
وَالرَّیْحَانُ… ریحان کے مشہور معنی خوشبو کے ہیں اور ابن زیدؒ نے یہی معنی آیت میں مراد لئے ہیں کہ حق تعالیٰ نے زمین سے پیدا ہونے والے درختوں سے طرح طرح کی خوشبوئیں اور خوشبو دار پھول پیدا فرمائے اور کبھی لفظ ریحان بمعنی مغز اور رزق بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ’’خرجت اطلب ریحان اللہ‘‘ ’’یعنی میں نکلا اللہ کا رزق تلاش کرنے کے لئے۔‘‘ حضرت ابن عباسؓ نے اس آیت میں ریحان کی تفسیر رزق ہی سے کی ہے۔
فَبِاَیِّ اٰلَائ… لفظ آلاء جمع ہے، نعمتوں کے معنے میں اور مخاطب اس کا انسان اور جن ہیں، جس کا قرینہ سورئہ رحمن کی متعدد آیتوں میں جنات کا ذکر ہے۔
خَلقَ الِانسَانَ… انسان سے مراد اس جگہ باتفاق آدم علیہ السلام ہیں، جن کی تخلیق مٹی سے کی گئی ہے، صلصال پانی میں ملی ہوئی مٹی جبکہ وہ خشک ہو جائے اور ’’فخار‘‘ وہ پانی میں ملاتی ہوئی مٹی جس کو آگ پر پکا لیا جائے۔
وَخَلَقَ الْجَانَّ … جان، بتشدید نون، جنس جنات کو کہا جاتا ہے اور مارج آگ سے اٹھنے والا شعلہ ہے، جنات کی تخلیق کا بڑا عنصر آگ کا شعلہ ہے، جیسا کہ انسان کی تخلیق میں بڑا جز مٹی ہے۔
رَبّْ المَشرِقَین… سردی اور گرمی میں آفتاب کا مطلع بدلتا ہے، اس لئے سردی کے زمانے میں مشرق یعنی آفتاب کے نکلنے کی جگہ اور ہوتی ہے اور گرمی کے زمانے میں دوسری، انہی دونوں جگہوں کو آیت میں مشرقین سے تعبیر فرمایا ہے، اسی طرح اس کے بالمقابل مغربین فرمایا کہ سردی میں غروب آفتاب کی جگہ اور ہوتی ہے اور گرمی میں دوسری۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭