امت رپورٹ
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے 24 کتوبر سے شروع ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے 20 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی ہے۔جس میں سے 15 ناموں کو فائنل کیا جائیگا۔ پی سی بی ذرائع کے بقول ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔ البتہ دو سے تین کھلاڑیوں کی تبدیلی متوقع ہے۔ زرائع کے مطابق آئوٹ آف فارم فاسٹ بالر محمد عامر کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔انہیں سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہداہت کی ہے۔ جس کے باعث انہیں آئندہ کیویز کے خلاف بھی انکی ٹیم میں شمولیت انتہائی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بالر محمد عامر کا خلا پر کرنے کیلئے پی سی بی چیف سلیکٹر انضمام الحق نوجوان فاسٹ بالر محمد عباس کو ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی آزمانے کیلئے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔محمد عباس نے انگلش کائونٹی میں تہلکہ خیز کارکردگی کے بعد دبئی ٹیسٹ میں بھی متاثر کنج پرفارمنس پیش کی اور ٹیسٹ میچ کے دوران مجموعی طور پر سات کینگروز کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ذرائع کے بقول ہیڈکوچ مکی آرتھر بھی انکی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آزمانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس حوالے سے کپتان اور ٹیم انتظامیہ سے حتمی مشاورت کرنا باقی ہے۔اس بات کے بھی قوی امکانات ظاہر کئے گئے ہیں، محمد حفیظ کو ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں انٹری دی جائیگی۔اس حوالے سے انضمام الحق نے حتمی فیصلہ کرلیا ہے لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی سفارش لینا باقی ہے۔ادھر انگلی کی کامیاب سرجری کے بعد امام الحق آسٹریلیا کے خلاف پوری سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ انہیں بھی ابتدائی فہرست کا حصہ بنایا گیا لیکن اب انکی جگہ صاحبزادہ فرحان کا نام شامل کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل لسٹ تیار کرلی ہے۔ جس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاٹ لسٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، فخرزمان، شعیب ملک،حسین طلعت،محمد حفیظ،آصف علی،محمد رضوان، کامران اکمل، بابر اعظم، حارث سہیل، سہیل تنویر، شاداب خان،حسن علی، فہیم اشرف، عثمان خان شنواری، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، جنید خان،وہاب ریاض اور محمد عرفان شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ان میں سے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان دوسرے ٹیسٹ کے دوران کیا جائیگا۔ اس حوالے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنا ہے۔ پاکستان زمبابوے میں بھی ورلڈکلاس ٹیم ہراچکی ہے لیکن اس بار مقابلہ زیادہ سخت ہونے کی توقع ہے۔انضمام الحق نے ٹیم کی خراب پرفارمنس پر ہونے والی تنقید پر کہا کہ اچھی کھیلنے پر تعریف ہوتی ہے۔ ایشیا کپ میں بری پرفارمنس ہوئی جس پر تنقید ہونا ہی تھی۔ دبئی ٹیسٹ میں میچ ڈرا نہیں ہونا چاہیے تھا پہلے ٹیسٹ میں لڑکوں نے محنت کی مگر آسٹریلیا بھی اچھا کھیلی، کریڈٹ مہمان ٹیم کو بھی جاتا ہے، ہمارے بالرز نے جان ماری۔ سرفراز الیون نے بہتر کھیل پیش کیا، خاص طور پر حفیظ اور حارث سہیل نے زبردست بیٹنگ کی،باقی بھی اچھا کھیلے۔ یاسر شاہ نے زیادہ وکٹ نہیں لیے۔ اس سے زیادہ اچھی بالنگ کی توقع تھی ، وہ ان وکٹوں پر ہمارا مین بولر ہے۔ یقین ہے کہ اگلے ٹیسٹ میں وہ اہم کردار ادا کرے گا۔فاسٹ بالر محمد عباس کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ اس نے دونوں اننگز میں شاندار اسپیل کیے۔ خاص طور پر دبئی کی کنڈیشنز میں ایسی عمدہ بالنگ بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔ ابھی وہ ٹیسٹ میچز میں زبردست پرفارم کررہا ہے۔ انگلینڈ میں ورلڈکپ کھیلنا ہے۔ وہ ہمارے پلان میں شامل ہے۔ انشااللہ عباس انگلش کنڈیشنز میں ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم میں جہاں جہاں کمزوریاں ہیں ان کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ جو پرفارمنس دے گا اسے بالکل دیکھا جائے گا امام الحق اچھی فارم میں تھا ، افسوس وہ ان فٹ ہوا ہے۔ انجری بھی کھیل کا حصہ ہے۔ امید ہے کہ جلد فٹ ہوکر کھیلنا شروع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ابتدائی مشاورت مکمل ہوچکی ہیں۔ ٹیم کا اعلان بھی جلد کرلیا جائیگا۔
٭٭٭٭٭