اَلْمُحْصِیْ جل جلالہ
ترجمہ: اپنے علم اور شمار میں رکھنے والا
عدد: 148
خواص:
1۔ جو شب جمعہ میں ایک ہزار بار اس اسم مبارک کو پڑھے، حق تعالیٰ اسے قیامت کے حساب و عقاب سے نجات عطاء فرما دے گا۔
2۔ جو روٹی کے دس ٹکڑے لے کر ہر ٹکڑے پر بیس بار پڑھ کر کھائے گا۔ رب تعالیٰ اس کے لئے مخلوق کو مسخر فرمادیں گے۔
3۔ جو اس کا بکثرت ذکر کرے گا، اسے مراقبہ نصیب ہوگا اور اگر اسے رب تعالیٰ کے نام المحیط کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے تو اسے بے شمار علوم عطاء کئے جائیں گے۔
4۔ جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھا کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو گناہ سے بچا رہے۔
5۔ جو کوئی دس بار پڑھا کرے، رب تعالیٰ کی حفاظت اور پناہ میں رہے۔
المُبْدِیْ جل جلالہ
ترجمہ: پہلی بار پیدا کرنے والا
عدد: 56
خواص:
1۔ جو کوئی اس اسم کا ورد رکھے، جو کچھ اس کی زبان پر جاری ہو، حق تعالیٰ نے چاہا تو بصدق و صواب ہوگا۔
2۔ جس کی بیوی کو حمل ہو اور وہ اسقاط حمل سے ڈرتا ہو، سحر کے وقت نوے بار پڑھ کر شہادت کی انگلی بیوی کے پیٹ کے گرد یا شکم پر پھرا دے، حق تعالیٰ نے چاہا تو حمل ساقط نہ ہوگا۔
3۔ جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھے، افعال نیک اس سے سرزد ہوں، گناہوں سے بچا رہے۔
4۔ جس شخص کا مال چوری ہوگیا ہو، وہ اس اسم کو پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو مال مل جائے گا اور جو کوئی اس کو لکھ کر اپنے پاس رکھے گا۔ حق تعالیٰ شانہ اسے تمام بلیات سے نجات دے گا۔ (جاری ہے)