اَلْمُعِیْدُ جل جلالہ
ترجمہ: دوبارہ زندہ کرنے والا
عدد: 124
خواص:
1۔ گمشدہ شخص کو واپس بلانے کے لئے جب گھر کے تمام آدمی سو جائیں تو گھر کے چاروں کونوں میں ستر ستر مرتبہ ’’یامعید‘‘ پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو سات روز میں وہ واپس آجائے گا یا اس کا پتہ چل جائے گا۔
2۔ جو کوئی کسی معاملے میں متحیر و سرگردان ہو، وہ ایک ہزار بار اس اسم مبارک کو پڑھے، اس کا خلجان دور ہو جائے گا اور حق تعالیٰ نے چاہا تو درست سمت کی طرف رہنمائی ہوگی۔
3۔ اگر کوئی بات یا چیز بھول گئی ہو تو ’’یا مبدی یا معید‘‘ کا ورد کرنے سے حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ یاد آجاتی ہے اور اس کے پڑھنے سے مخفی امور کی طرف بھی رہنمائی ہوتی ہے۔
اَلْمُحْیِیْ جل جلالہ
ترجمہ: زندگی دینے والا
عدد: 58
خواص:
(1) جو اسے ایک ہزار بار پڑھنے کا معمول بنائے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کا دل زندہ ہو جائے گا اور بدن میں تقویت پیدا ہوگی۔
(2) جو شخص بیمار ہو، وہ بکثرت المحیی کا ورد رکھے یا کسی دوسرے بیمار پر دم کردے، حق تعالیٰ نے چاہا تو صحت یاب ہو جائے گا۔
(3) جو شخص نواسی بار المحیی پڑھ کر اپنے اوپر دم کرے، وہ ہر طرح کی قید و بند سے محفوظ رہے گا۔
(4) جو کوئی درد یا ریح یا کسی عضو کے ضائع ہونے سے خائف ہو، اسم المحیی سات بار پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو محفوظ رہے گا۔
(5) جو ہفت اندام کے درد کو دور کرنے کے لئے سات روز تک سات سات بار پڑھ کر دم کرے گا، تندرست ہو جائے گا۔
(6) جس کو کسی سے جدائی کا اندیشہ ہو یا قید کا خوف ہو، اس کو بکثرت پڑھے۔
(7) جو اس کو بکثرت پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کا دل نور سے منور ہوجائے گا۔
(8) جو کسی کے قہر سے ڈرتا ہو، روٹی کے ایک ٹکرے پر 58 بار یہ اسم پڑھ کر کھا لے، حق تعالیٰ نے چاہا تو محفوظ رہے گا۔
(جاری ہے)
٭٭٭٭٭