جنت اور جہنم میں جانے والے!

رسول اکرمؐ کے ارشاد کا مفہوم ہے کہ مجھ پر سب سے پہلے جنت اور جہنم میں جانے والے تین شخص پیش کئے گئے۔ جنت میں جانے والے یہ تھے۔
(1) شہید، جس نے راہ خدا میں اخلاص کے ساتھ اپنی جان کی قربانی پیش کی ہو گی۔
(2) عبد مملوک، وہ غلام جس کو غلامی نے خدا کی اطاعت سے نہیں روکا اور وہ اپنے عارضی مولا کی اطاعت کے ساتھ ساتھ اپنے حقیقی مولا کی اطاعت میں بھی لگا رہا۔
(3)کمزور فقیر صاحب اولاد، جو جسمانی و دنیوی اعتبار سے کمزور، مالی اعتبار سے غریب اور کثیر العیال ہونے کے باوجود صابر وشاکر رہتا تھا اور خدا کی ناشکری نہیں کرتا تھا۔
اور سب سے پہلے جہنم میں جانے والے تین شخص یہ ہیں:
(1) وہ حاکم، جو رعایا پر مسلط ہو اور ہر وقت ظلم و ستم کا بازار گرم رکھتا ہو۔
(2) زکوٰۃ نہ دینے والا مالدار، جو زکوٰۃ دینے کی قدرت رکھتا تھا، اس کے باوجود زکوٰۃ نہیں ادا کرتا تھا۔
(3) فقیر متکبر، وہ جو فقر و مسکنت کے باوجود تکبر کرتا ہو، یہ انتہائی کمینگی کی علامت ہے۔
(روضۃ الصالحین صفحہ نمبر 106)
خدا کے پسندیدہ بندے کی علامتیں!
حضرت ذوالنون مصریؒ سے کسی نے دریافت کیا: خدا کے پسندیدہ اور مخصوص بندے کی پہچان کیا ہے؟
فرمایا: چار علامتیں ہیں (1) وہ راحت کو ترک کر دے (2) اس کے پاس تھوڑا بہت جو کچھ بھی ہو، اس میں سے خدا تعالیٰ کیلئے خرچ کرے، (3) اپنے مرتبہ اور مقام کے تنزل پر خوش ہو، (4) اس کی نظر میں تعریف اور مذمت یکساں ہوں۔
(روضۃ الصالحین صفحہ نمبر 188)
بے نیاز ہو کر خدا کی عبادت!
کسی بزرگ نے فرمایا کہ انسان کو چرواہے سے ادب و اخلاق سیکھنا چاہئے۔ کسی نے عرض کیا: وہ کس طرح؟
فرمایا: جب چرواہا بکریوں کے پاس نماز پڑھتا ہے تو اس کو اس کا خیال تک بھی نہیں آتا کہ بکریاں میری تعریف کریں گی، اس طرح عمل کرنے والے کو چاہئے کہ وہ لوگوں کی تعریف و برائی سے بے نیاز ہو کر حق تعالیٰ کی عبادت کرے۔
(روضۃ الصالحین صفحہ نمبر19)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment