اَلْوَاجِدُ جل جلالہ
ترجمہ: ہر چیز کو پانے والا
عدد: 14
خواص:
(1) جو شخص کھانا کھاتے وقت ’’یَا وَاجِدُ‘‘ کا ورد رکھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو غذا اس کے قلب کی طاقت و قوت اور نورانیت کا باعث ہوگی۔
(2) جو تنہائی میں بکثرت اس اسم کو پڑھے گا، مالدار ہوگا۔
(3) جو کوئی کھانا کے وقت ہر نوالے کے ساتھ اس کو پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ کھانا پیٹ میں نور ہوگا اور بیماری دور ہوگی۔
(4) جو اس اسم کو بہت پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کا دل غنی ہوگا۔
(5) جو اس اسم کو پڑھے گا، بفضل باری تعالیٰ ظالم کے ظلم سے بچا رہے گا۔
(6) جو اسے اس قدر پڑھے گا کہ اس پر حال طاری ہو جائے، وہ اپنے باطن میں ایسی معرفت پائے گا، جس کا اسے پہلے مشاہدہ نہیںکیا ہوگا، یہ اسم حق تعالیٰ کے اسم ’’الوھاب‘‘ کے مطابق ہے۔
اَلْمَاجِدُ جل جلالہ
ترجمہ: بزرگی اور بڑائی والا
عدد: 48 خواص:
(1) جو تنہائی میں یہ اسم اس قدر پڑھے کہ بے خود
ہوجائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کے قلب پر انوار الٰہیہ ظاہر ہونے لگیں گے۔
(2) جو کوئی اس اسم کو پانی پر دم کر کے مریض کو پلائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو مریض شفاء پائے۔
(3) جو دس بار شربت پر پڑھ کر پی لیا کرے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو بیمار نہ ہوگا۔
(4) جو اس کو بکثرت پڑھے گا، مخلوق کی آنکھ میں عزیز و بزرگ ہوگا۔
(5) جو صبح شام چار سو بار ہمیشہ پڑھتا رہے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ چوپایوں کے کلام کو سنے اور سمجھے گا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭