پاکستان نے آسٹریلیاں کے خلاف کلین سوئپ کے لئے کمر کس لی

امت رپورٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کلین سوئپ کر نے کیلئے کمر کس لی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج پاکستانی وقت رات نو بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے اسکواڈ میں ایک بیٹسمین کی تبدیلی کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ آصف علی کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم میں صاحبزادہ فرحان کو آزمایا جاسکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم انتظامیہ آج شام کو پچ کی صورتحال دیکھ کر ہی کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے بدھ سے شروع ہونے والی متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف شیڈول تین ٹی ٹوئنٹی سیریز تیاری کی پیش نظر زیادہ سے زیادہ ٹیم میں شامل ریگولر کھلاڑیوں کو ہی موقع دینا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لیکن آصف علی کی کارکردگی معیاری نہیں رہی۔ اگر نوجوان بلے باز صاحبزادہ فرحان آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں اپنی کارکردگی ثابت کرنے میں کامیاب رہے تو انہیں کیویز کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں موقع دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم نے مسلسل 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گرین شرٹس نے جمعے کے روز آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر مسلسل دسویں ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ یہی وجہ ہے کہ گرین شرٹس اس وقت عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے گرین شرٹس نے 2016ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر فتوحات کا سفر شروع کیا اور اکتوبر 2018ء تک گرین شرٹس نے اس دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف تین بار، آئی سی سی ورلڈ الیون، سری لنکا، نیوزی لینڈ، سکاٹ لینڈ، زمبابوے میں منعقدہ سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیت کر مسلسل دس سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنی کلاس ثابت کردی ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے بعد اصل معرکہ نیوزی لینڈ سے ہونا ہے۔ جو کینگروز کے مقابلے میں زیادہ پیشہ وار اور طاقتور ٹیم ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر بینک کرافٹ اور اسمتھ کے بغیر آسٹریلوی ٹیم کمزور ہوچکی ہے۔ اگر یہ تین کھلاڑی آسٹریلوی ٹیم میں موجود ہوتے تو پاکستان کیلئے سیریز جیتنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ لیکن پاکستان نے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن بیٹنگ لائن میں کمزوری اب بھی عیاں ہیں جو پاکستانی ٹیم کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے مطابق تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کورے اینڈرسن اور مائیکل فلپس کو کیوی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑی اس وقت نیوزی لینڈ اے کے ساتھ یو اے ای میں پاکستان اے کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ جبکہ تجربہ کار بیٹسمین کین ویلمسن مہمان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دوسرے کھلاڑیوں میں راس ٹیلر، کولن منرو، کولن ڈی گرینڈ ہوم، ایش سوڈھی، ایڈم میلنے، ٹم سوڈھی، مارک چمپ مین، رینسے، ٹم سیفرڈ اور لیوکی فرگوسن شامل ہیں۔ دوسری جانب انجری کی وجہ سے مارٹن گیپٹل ان میچز سے باہر ہوچکے ہیں۔ جبکہ بالر ٹرینٹ بولٹ بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ میچز اکتیس اکتوبر، دو اور چار نومبر کو ہوں گے۔ ادھر دبئی میں موجود عالمی بک میکرز نے آج کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کے مقابلے پاکستان کو فیورٹ کا درجہ دیدیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آج کے میچ میں فیورٹ کے طور پاکستانی ٹیم کا بھائو 1.20 پیسہ رکھا گیا ہے۔ جبکہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ریٹ 2.10 پیسہ مقرر کیا گیا۔ ادھر آسٹریلوی ٹیم کے قائد ایرون فینچ کا کہنا ہے کہ مسلسل دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست کے باوجود کھلاڑی فائٹ کیلئے تیار ہیں۔ جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم جس انداز میں دو میچز میں پرفارمنس پیش کی ایسی ہی کارکردگی آخری میچ میں بھی پیش کریں گے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment