پاکستان لگا تار11ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے قریب

امت رپورٹ
پاکستان لگاتار 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے انتہائی قریب پہنچ گیا ہے۔ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول کیویز کیخلاف آج کا میچ جیتنے کی صورت میں نیا ریکارڈ قائم ہو جائے گا۔ دوسری جانب گرین شرٹس بلیک کیپس کو دس مرتبہ زیر کر چکا ہے۔ جبکہ گرین شرٹس کو سات بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلی مرتبہ 2007ء ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں۔ اس میچ میں پاکستان نے باآسانی نیوزی لینڈ کو زیر کر لیا تھا۔ اس کے بعد 2009ء میں امارات کے مقام پر پاکستان نے ایک مرتبہ پھر کیویز کا 2.0 سے شکار کیا۔ پھر 2010ء میں کیویز نے بطور میزبان پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 2.1 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔ 2012ء ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کا ایک بار پھر آمنا سامنا ہوا۔ پاکستان نے کیویز کے خلاف واحد میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔ 2014ء میں پاکستان نے امارات میں کیویز کے خلاف دو میچز پر مشتمل سیریز کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ یہ سیریز ایک ایک میچ سے برابر رہی۔ 2015ء میں کیویز نے اپنے اکھاڑے میں پاکستان کو سیریز میں دو ایک سے زیر کیا۔ جبکہ پاکستانی ٹیم نے 2017ء میں کیویز کے اکھاڑے میں ہی جوابی وار کرتے ہوئے سیریز میں 2.1 سے کامیابی حاصل کی۔ اب موجودہ سیریز میں پاکستان نے ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ جبکہ سیریز کا دوسرا میچ جیت کر پاکستان نئی تاریخ رقم کر سکتا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کلین سویپ کرکے مسلسل دس ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل کرکٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق گرین شرٹس نے 2016ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر فتوحات کا سفر شروع کیا اور اکتوبر 2018ء تک گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین بار، آئی سی سی ورلڈ الیون، سری لنکا، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے میں منعقدہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل دس سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ جبکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیویز کو ہراکر پاکستان نے مسلسل ساتواں میچ جیتنے کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج کے میچ میں بھی ماہرین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ دریں اثناپاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) جمعہ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دو رن سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیویز کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کو ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور کیویز کو دوسرے میچ میں بھی شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرے گی۔ ادھر کیویز ٹیم کے قائد کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں شکست سے دلبرداشتہ نہیں ہوئے۔ دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف جاندار کم بیک کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے دوسرے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور اس اعتبار سے توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 4 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز نائٹ ہونگے اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے علاوہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں۔ کیویز کے خلاف پہلے میچ میں ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ٹیم کا مورال بلند ہے اور ٹیم کیویز کو دوسرے میچ میں بھی ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلے گی، جس کیلئے ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور کیویز کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی میچز میں مسلسل فتوحات کی تعداد سات ہوگئی ہے جو خوش آئند ہے۔ نوجوان کھلاڑی جس طرح پرفارم کر رہے ہیں، وہ پلس پوائنٹ ہے۔ ٭

Comments (0)
Add Comment