قیصر چوہان
پاکستان ڈومیسٹکسیزن کا سب سے بڑا ایونٹ قائد اعظم ون ڈے ٹرافی میں تجربہ کار کرکٹرز چھائے رہے۔ اس طویل ایونٹ میں سابق کپتان سلمان بٹ بیٹنگ اور طویل القامت فاسٹ بالر محمد عرفان بالنگ میں سرفہرست ہیں۔ جبکہ نئے ٹیلنٹ میں بلے باز خوشدل شاہ اور بالنگ میں نعمان علی نمایاں رہے۔ گزشتہ روز حبیب بینک نے واپڈا کو شکست دے کر قائداعظم ون ڈے کپ جیت لیا ہے۔ دوسری جانب پی سی بی سلیکشن کمیٹی سے اطلاعات ملی ہیں کہ دورہ جنوبی افریقہ میں قائد اعظم ٹرافی کے تین بہترین پلیئرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ تاہم ان تین کھلاڑیوں کے نام اب تک فائنل نہیں کئے گئے ہیں۔
’’امت‘‘ کو دستیاب معلومات کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ میں شیڈول ٹیسٹ اور ون ڈے کیلئے تین کھلاڑیوں کا نام قائد اعظم ٹرافی سے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ قائد اعظم ون ڈے ٹرافی میں بہترین کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو بیٹنگ میں تجربہ کار بلے باز سلمان بٹ سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے اس ایونٹ میں واپڈا کی قیادت کرتے ہوئے دس میچوں میں 87.34 کے اسٹرائیک ریٹ اور 79.85 کی اوسط سے 559 رنز بنائے۔ جس میں چھ ففٹیز اور ایک شاندار سنچری بھی شامل ہے۔ دوسرے نمبر پر فاٹا کی نمائندگی کرنے والے بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ نے 77.16 کی اوسط سے 7 میچوں میں 3 سنچریوں کی مدد سے 463 رنز بنائے۔ 23 سالہ نوجوان کا تعلق بنوں سے ہے۔ ان کی بیٹنگ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو خاصا متاثر کیا ہے۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ کی ایک نئی دریافت ہے۔ ان کا شارٹ سلیکشن کافی متاثر کن ہے۔ وہ مزید کارکردگی دکھا کر ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ایونٹ کے تیسرے کامیاب ترین بیٹسمین نیشنل بینک کی نمائندگی کرنے والے رمیز راجہ جونیئر ہیں۔ انہوں نے 8 میچوں میں 449 رنز اسکور کئے، جس میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اسی طرح بالرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو فاسٹ بالر محمد عرفان نے اپنی فٹنس ثابت کرتے ہوئے ایونٹ میں 20 شکار کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ جبکہ لیفٹ ہینڈ اسپنر نعمان علی نے بھی اپنی جادوئی بالنگ سے حریف ٹیموں کو تگنی کا ناچ نچایا۔ سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے ریسرچ لیبارٹریز کے 32 سالہ اسپنر نعمان علی خان نے 16.57 کی اوسط سے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر قیصر اشرف نے 5 میچوں میں 14.06 کی اوسط سے 16 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دریں اثناحبیب بینک کی ٹیم نے واپڈا کو 62 رنز سے شکست دے کر قائد اعظم ون ڈے کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ رپورٹ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں حبیب بینک نے واپڈا کو میچ جیتنے کیلئے 292 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم واپڈا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 229 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ واپڈا کی جانب سے سلمان بٹ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، جو ان کی ٹیم کے کام نہ آ سکی۔ جبکہ رفعت اللہ نے 51، محمد اخلاق نے 30، زاہد منصور نے 21 اور ایاز تصور نے 20 رنز بنائے۔ حبیب بینک کی جانب سے عماد بٹ نے 3، جبکہ خرم شہزاد اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں واپڈ کی جانب سے زوہیب خان نے 68، رمیز عزیز نے 55 اور عمر اکمل نے 49 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور بورڈ پر 291 رنز کا ٹوٹل سجانے میں اہم کردار ادا کیا۔ قائداعظم ون ڈے کپ کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی احسان مانی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے۔ زوہیب خان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جب کہ سلمان بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔
دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی نے دسمبر سے شروع ہونے والے جنوبی افریقہ کے طویل دورے کیلئے قائد اعظم ٹرافی سے بھی تین کھلاڑیوں کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم انتظامیہ اور نیشنل اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سلیکشن کمیٹی نے دس ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی ہے۔ جس میں محمد عرفان، سلمان بٹ، خوشدل شاہ، غلام مدثر، نعمان علی، رمیز راجہ جونیئر، عماد بٹ، کاشف بھٹی اور فیضان ریاض کا نام شامل ہے۔ واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز 21 دسمبر کو تین روزہ پریکٹس میچ سے ہوگا۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان دس دسمبر کو کیا جائے گا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 30 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ تین ٹیسٹ میچز کے بعد پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 جنوری سے ہوگا۔ علاوہ ازیں تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔٭