کیویز سے پراناحساب برابر کرنے کے لئے پاکستان تیار

کیویز سے پرانا حساب برابر کرنے کیلئے پاکستان نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس نیوزی لینڈ میں منعقدہ سیریز میں پاکستان کو پانچ ون ڈے میچوں میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور میزبان نے سیریز پانچ صفر سے وائٹ واش کی تھی۔ تاہم اس بار سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی اسکواڈ نے حریف کو پوری قوت سے کچلنے کا پلان تیار کیا ہے اور یہ کہ اس بار پاکستان کے ہاتھوں کیوی ٹیم کی تیسری رینکنگ بھی شدید خطرات کا شکار ہے۔ آج سے شروع ہونے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں اگر پاکستان وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہوگیا تو قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو تیسری پوزیشن سے چوتھی پوزیشن پر دھکیل دے گی۔ جبکہ آئندہ ماہ اگر پاکستان جنوبی افریقہ کو بھی ون ڈے سیریز میں زیر کرنے میں کامیاب رہا تو کیویز کو پانچویں، جبکہ پاکستان کو چوتھی پوزیشن بھی مل سکتی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر چار بجے شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں کیویز کیخلاف ون ڈے سیریز کے لئے جنید خان، امام الحق اور حارث سہیل یو اے ای پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے کیویز کو کھیلی گئی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے کلین سویپ کیا تھا۔ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے قبل کیویز ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ کیونکہ کیویز ٹیم اپنے دو اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر کورے اینڈرسن ان فٹ ہو کر اپنے ملک واپس چلے گئے ہیں۔ ایڑھی زخمی ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز کے لئے ٹیم کو ان کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنر ٹوڈ آسٹل بھی گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں۔ ان کے متبادل کے طور پر اعجاز پٹیل کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے لوکی فرگوسن اور جارج وارکر بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ دوسری جانب قومی شاہینوں نے ون ڈے فارمیٹ میں بھی کامیابیوں کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں قومی ٹیم نے گزشتہ روز بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ اور آج ہونے والے میچ کے حوالے سے ٹارگٹ سیٹ اور تیاریاں مکمل کی گئیں۔ گرین شرٹس نے ٹریننگ سیشن میں بالنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کرتے ہوئے خوب پسینہ بہایا۔ جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں نئے کمبی نیشنز کیلئے ٹیم مینجمنٹ نے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے۔ تاہم حتمی الیون کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔ ادھر مہمان نیوزی لینڈ نے بھی جیت کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ ’’بلاشبہ پاکستان اماراتی اسٹیڈیمز میں اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہمارے دو اہم پلیئرز ان فٹ ہوچکے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بھی حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ہم ون ڈے سیریز میں نئے اسپرٹ کے ساتھ میدان میں اتریں گے‘‘۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان میں کیویز نے 13 سیریز جیتیں، جبکہ پاکستان 8 مرتبہ سیریز جیت چکا ہے۔ ادھر ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون پاکستان رواں ون ڈے میں کمزور ٹیموں کا شکاری ثابت ہوا۔ عالمی نمبر ون ٹیم نے مسلسل 11 سیریز میں فتوحات، لگاتار 11 بار ہدف کا کامیابی سے تعاقب اور ایک سال میں 17 میچ جیتنے کے ریکارڈز اپنے نام کر لئے ہیں۔ مسلسل 9 مقابلوں میں فتح کا قومی ریکارڈ بھی بن گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کے برعکس ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کی کارکردگی قابل رشک نہیں۔ گرین شرٹس نے رواں سال 15 او ڈی آئی میچز میں 7 فتوحات حاصل کی ہیں۔ ان میں سے بھی 5 زمبابوے، ایک ایک افغانستان اور ہانگ کانگ جیسی کمزور ٹیموں کے خلاف تھیں۔ ون ڈے کرکٹ میں فتوحات کے لحاظ سے انگلینڈ سرفہرست ہے۔ اس نے 24 میں سے 16میچ جیتے اور 6 میں مات کھائی۔ 2 مقابلے بے نتیجہ رہے۔ انگلینڈ کی کامیابی کا تناسب 73.91 فیصد ہے۔ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈکی کامیابی کی شرح 70 فیصد ہے۔ بھارت کی کامیابیوں کا تناسب بھی اتنا ہی ہے، لیکن وہ معمولی فرق کی وجہ سے تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش 64.70، آئرلینڈ 61.53، افغانستان 60.00، جنوبی افریقہ 53.33، نیدر لینڈ 50، پاکستان 46.45، ویسٹ انڈیز 46.66 فیصد میچ جیت کر ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment