ون ڈے میں کیویز کو ہرانا پاکستان کے لئے چیلنج بن گیا

امت رپورٹ
ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں کیویز کو ہرانا پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ مسلسل شکستوں کا جمود توڑنے کیلئے گرین شرٹس آج ایک مرتبہ پھر جیت کیلئے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو لگاتار 12 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کیویز پاکستان کیلئے 12 ون ڈے میچوں سے ناقابل تسخیر بنے ہوئے ہیں۔ جبکہ دسمبر 2014ء کے بعد گرین شرٹس ایک بار بھی حریف کو زیر نہیں کر پائے۔ باہمی ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر معمولی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 104 میچز میں مدمقابل آئی ہیں۔ گرین شرٹس نے 53 اور کیویز نے 48 میچوں میں فتح پائی۔ ایک ٹائی اور2 میچ بے نتیجہ رہے۔ یو اے ای میں مجموعی طور دونوں ٹیموں کا 19 بار مقابلہ ہوا ہے۔ ان میں سے پاکستان نے 13 میں فتح پائی، لیکن گزشتہ سیریز میزبان ٹیم کیلئے اچھی نہیں رہی تھی۔ دسمبر 2014ء میں نیوزی لینڈ نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے میچ میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ دوسرے میچ میں مہمان ٹیم سرخرو ہوئی۔ تیسرے میں گرین شرٹس نے میدان مار لیا۔ پھر نیوزی لینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری دونوں میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے کیویز کیخلاف آخری میچ بھی اسی سیریز کے دوران شارجہ میں جیتا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل 11 میچز میں گرین شرٹس کو مات دے چکے ہیں۔ ان میں سے 9 نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے۔ رواں سال کے آغاز میں پاکستانی ٹیم دورے کے پانچوں ون ڈے ہار گئی تھی۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس کو مسلسل شکستوں سے دوچار کرنے میں کیویز دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 1995ء سے 2000ء کے دوران لگاتار 14 مقابلوں میں مات دی تھی۔
دریں اثناپاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ کیویز کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے میچ میں 47 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے کیویز کو کھیلی گئی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ آج کے میچ کے حوالے سے جارح مزاج کیوی اوپننگ بیٹسمین کولن منرو نے کہا ہے کہ ’’پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے۔ کوشش ہو گی کہ پوری ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔ پاکستان ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور ان دنوں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ پہلے میچ میں فتح کے باجود دوسرے میچ میں پاکستان کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے‘‘۔ واضح رہے کہ کیوی بالر ٹرینٹ بولٹ ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دینے والے تیسرے کیوی بالر بن گئے ہیں۔ فاسٹ بالر نے پاکستان سے پہلے میچ میں لگاتار تین وکٹیں لیں۔ فخر زمان ان سائیڈ ایج پر بولڈ ہوئے۔ بابر اعظم کا کیچ سلپ میں روس ٹیلر نے لیا۔ جبکہ محمد حفیظ ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن اور شین بونڈ بھی ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ محدود اوورز کے مقابلوں میں 46 ویں ہیٹ ٹرک شمار ہوئی۔ لسیتھ مالنگا کو لگاتار 4 بالز پر 4 وکٹیں اڑانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ ادھر کیوی بیٹسمین راس ٹیلر کی میچ آفیشلز کی جانب سے سرزنش کی گئی ہے۔ انہوں نے حفیظ کے بالنگ ایکشن پر خود ساختہ اعتراض کیا تھا۔ پہلے ون ڈے میںمحمد حفیظ کا پہلا اوور ختم ہوتے ہی راس ٹیلر نے ایمپائر اور نان اسٹرائیکر ٹام لیتھم کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ گھما کر اشارہ کیا کہ اسپنر ایکشن کے ساتھ کوئی گڑبڑ کر رہے ہیں۔ اس صورتحال پر کپتان سرفراز احمد نے چپ رہنا گوارا نہ کیا اور کافی دیر تک امپائرز کے ساتھ سوال و جواب کرتے رہے۔ بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی۔ کپتان نے حفیظ کا ساتھ دیتے ہوئے راس ٹیلر کے ساتھ جملوں کا تبادلہ جاری رکھا۔ اس موقع پر ایمپائر شوزب رضا اور جوئل ولسن نے آکر کیوی بیٹسمین سے بات کی اور معاملہ رفع دفع ہوا۔ اس رویے پر کیوی بیٹسمین انضباطی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔ اس سے قبل 2009ء میں شین واٹسن کی طرف سے ایمپائر کو اشارہ کیے جانے کے بعد سعید اجمل کا ایکشن رپورٹ ہوگیا تھا۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر نے آف اسپنر کی ’’دوسرا‘‘ کھیلنے میں ناکامی پر یہ حرکت کی تھی۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ کیریئر کے دوران 4 بار مشکوک بالنگ ایکشن قوانین کی زد میں آچکے ہیں۔ اس حوالے سے قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ’’راس ٹیلر کا کام بیٹنگ ہے، ایمپائرنگ نہیں۔ انہوں نے غیر مہذبانہ طرز عمل اختیار کیا۔ میں نے امپائرز سے بھی یہی شکایت کی کہ ان کا رویہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔ بالر کے ایکشن کا جائزہ لینا ایمپائر کا کام ہے۔ محمد حفیظ کے ایکشن کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ وہ کلیئرنس پا چکے ہیں۔ راس ٹیلر نے بلاوجہ تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی‘‘۔ دوسری جانب آج کے میچ میں جوئے کی عالمی منڈی میں کیویز ٹیم کے حق میں ریٹ فائنل کئے گئے ہیں۔ بکیوں کے مطابق کیویز کو 1.09 پیسے کے ساتھ فیورٹ کا درجہ حاصل ہے۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کا بھائو 2.25 پیسہ رکھا گیا ہے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment