حافظین کِرامًا کاتبینؑ
حضرت ابن جریجؒ فرماتے ہیں (کراماً کاتبین) دو فرشتے ہیں، ان میں سے ایک اس (انسان) کے دائیں رہتا ہے، جو نیکیاں تحریر کرتا ہے اور ایک اس کے بائیں ہوتا ہے جو برائیاں لکھتا ہے، پس جو اس کے دائیں ہوتا ہے وہ تو اپنے ساتھی (فرشتہ) کی گواہی کے بغیر (نیکی) لکھ دیتا ہے، مگر جو اس کے بائیں ہوتا ہے وہ اپنے ساتھی کی گواہی کے بغیر (کوئی برائی) نہیں لکھتا، اگر وہ (آدمی) بیٹھتا ہے تو ایک اس کے دائیں اور دوسرا اس کے بائیں ہوتا ہے اور اگر وہ چلتا ہے تو ایک ان میں سے اس کے آگے ہوتا ہے اور دوسرا اس کے پیچھے اور اگر وہ سوتا ہے تو ایک ان میں سے اس کے سر کے پاس ہوتا ہے اور دوسرا اس کے پائوں کی جانب ہوتا ہے۔ حضرت ابن مبارکؒ فرماتے ہیں: دن اور رات کے فرشتے جدا جدا ہیں، انسان کے ساتھ پانچ فرشتے مقرر کئے گئے ہیں۔ دو فرشتے رات کے اور دو فرشتے دن کے، جو (روزانہ) آتے جاتے رہتے ہیں اور پانچواں فرشتہ اس سے نہ تو رات کو جدا ہوتا ہے اور نہ دن کو جدا ہوتا ہے۔ حضرت قتادہ سورۃ انعام کی آیت 61 کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ وہ تیرے رزق، تیرے عمل اور تیری موت کی حفاظت کرتے ہیں، جب تو ان کو پورا کرے گا تو اپنے رب کی طرف منتقل ہو جائے گا۔
حضرت حسن (بصریؒ) فرماتے ہیں: چاروں کراماً کاتبین صبح کی نماز میں جمع ہوتے ہیں۔ محافظ چار (فرشتے) ہیں، اس کے پاس دو فرشتے تو رات کو آتے ہیں اور دو دن کے وقت آتے ہیں۔ یہ چاروں فرشتے صبح کی نماز کے وقت اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ اسی کے متعلق حق تعالیٰ کا ارشاد ہے:
(ترجمہ) بے شک صبح کی نماز (فرشتوں کے) حاضر ہونے کا وقت ہے۔ (سورۃ اسرائ: 78)
(حدیث) حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول کریمؐ نے ارشاد فرمایا:
ترجمہ: تمہارے پاس رات کے فرشتے اور دن کے فرشتے آتے رہتے ہیں، یہ فجر اور عصر کی نماز کے وقت جمع ہوتے ہیں، پھر جنہوں نے تمہارے ساتھ رات گزاری وہ اوپر کو چلے جاتے ہیں تو ان سے حق تعالیٰ پوچھتے ہیں، جبکہ وہ ان سے زیادہ باخبر ہوتے ہیں، تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا؟ تو وہ عرض کرتے ہیں ہم نے جب انہیں چھوڑا تو بھی وہ (صبح کی) نماز پڑھ رہے تھے اور جب ہم ان کے پاس گئے تو بھی وہ (عصر کی) نماز پڑھ رہے تھے۔
حضرت امام ابن حبان فرماتے ہیں اس حدیث میں واضح بیان (موجود) ہے کہ رات کے فرشتے اس وقت نازل ہوتے ہیں، جب لوگ عصر کی نماز میں ہوتے ہیں اور اسی وقت دن کے فرشتے اوپر جاتے ہیں اور یہ حدیث ان لوگوں کی (بات کی) مخالفت کررہی ہے، جو یہ کہتے ہیں کہ رات کے فرشتے سورج غروب ہونے کے بعد اترتے ہیں۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭