اسما الحسنی-مشکلات کا حل

بیماریوں کا علاج:
(1) جس مریض کے علاج سے اطباء عاجز آگئے ہوں، اس پر اگر حق تعالیٰ کا اسم ذات شریف پڑھا جائے تو اچھا ہو جائے گا، بشرطیکہ موت کا وقت نہ آگیا ہو۔
اسم ذات مبارک کو 66 بار لکھ کر دھو کر مریض کو پلائیں، حق تعالیٰ شفاء عطاء فرماتا ہے، خواہ مرض آسیب کیوں نہ ہو۔ آسیب زدہ کے لئے کسی برتن میں اسم مبارک اس برتن کی گنجائش کی تعداد لکھ کر آسیب زدہ پر چھڑکیں تو اس پر مسلط شیطان جل جاتا ہے۔
(2) الرحمٰن کو لکھ کر اور دھو کر پلانے سے گرم بخار سے شفاء نصیب ہوتی ہے۔
(3) جو رات کے آخری حصے میں ایک ہزار بار القدوس پڑھے تو بیماری اور بلا اس کے جسم سے دور ہوجاتی ہے۔
(4) جو ایک سو اکتیس بار یا ایک سو اکسٹھ بار یا سلام پڑھ کر بیمار پر دم کرے تو بیمار صحت پائے گا اور بیمار یا خائف اگر ایک سوگیارہ بار پڑھ کر دم کرے بیماری اور خوف سے محفوظ رہے اور جو ایک سو اکتیس بار یہ اسم سلام کسی مریض پر پڑھے، اگر اس کی موت کا وقت نہ آیا ہو تو اسے شفا مل جائے گی یا کم از کم مرض میں تخفیف ہو جائے گی اور اگر مریض کے سرہانے بیٹھ کر دونوں ہاتھ اٹھا کر یہ اسم ایک سوچھتیس بار بلند آواز سے پڑھے کہ مریض سن لے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کو شفاء ہوگی اور جو کوئی 110 مرتبہ یہ اسم پڑھ کر بیمار پر دم کرے گا، رب تعالیٰ اس کو صحت و شفاء عطا فرمائے گا۔
(5) جو کوئی 115 بار المومن پڑھ کر اپنے اوپر دم کرے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو تندرستی پائے گا۔
(6) اگر طبیب اسم مبارک الباری کو ہمیشہ پابندی سے پڑھے تو اس کے ہاتھ میں شفاء ہوگی اور جو شخص سات دن تک روزانہ پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اسے امراض سے شفا اور آفات سے سلامتی عطاء فرمائے گا۔(جاری ہے)

Comments (0)
Add Comment