امت رپورٹ
دبئی سٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے بالرز کا کڑا امتحان شروع ہونے جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دبئی ٹیسٹ کیلئے بیٹسمین فرینڈلی پچ تیار کی گئی ہے۔ جہاں بڑا سے بڑا اسکور بنانا بھی ممکن ہے۔ البتہ بیٹسمنیوں کیلئے واحد خطرہ فاسٹ بالرز ہو سکتے ہیں۔ ابتدائی سیشن میں نئی گیند سے وکٹ لی جا سکتی ہے۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے اسپنر بلال آصف کو بٹھانے اور فاسٹ بالر شاہین آفریدی کو ٹیسٹ ڈبیو کرانے کا فیصلہ کر رکھا تھا۔ تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کی شمولیت کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ باقاعدہ اعلان صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ دوسری جانب کرک انفو کے مطابق آج سے شروع ہونے والے پاک نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے والی ٹیم کو ایڈوانٹیج ملنے کا امکان ہے۔ تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بیٹسمین فرینڈلی وکٹ پر ٹیسٹ ڈرا بھی ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ بہتر رہا ہے۔2010ء سے لے کر 2018ء تک پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس اسٹیڈیم میں مختلف ٹیموں کے خلاف مجموعی طور پر 12 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں سے گرین کیپس کو چھ میچوں میں کامیابی ملی۔ تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور تین میچ ڈرا ہوئے۔ اس اسٹیڈیم میں پاک کیوی ٹیمیں صرف ایک بار آمنے سامنے آئیں۔ 2014ء میں مصباح کی قیادت میں اس وقت پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم تھی۔ لیکن کیویز نے سخت مقابلہ کرتے ہوئے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو جیت سے محروم رکھا۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر پانچ روزہ فارمیٹ میں 55 بار مد مقابل آچکی ہیں۔ جن میں پاکستان کو بلیک کیپس پر واضح برتری حاصل رہی۔ پاکستان کو 55 ٹیسٹ میچوں میں سے 24 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ جبکہ کیویز 11 ٹیسٹ میچز جیتنے میں کامیاب رہے اور 21 ٹیسٹ میچ ڈرا ثابت ہوئے۔ قومی ٹیم ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست کے بعد اب سیریز بچانے کی ’’ٹینشن‘‘ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ گزشتہ روز کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے مکی آرتھر نے لیکچر دیا۔ انہوں نے پہلے میچ کی شکست کو بھول کر نئے چیلنج کا نئے حوصلے کے ساتھ سامنا کرنے کا سبق پڑھایا۔ نیٹ میں محمد حفیظ، امام الحق اور اظہر علی نے تیز اور بائونسی گیندوں پر خامیاں درست کرنے کیلئے طویل سیشن کیا۔ محمد عباس، فہیم اشرف اور حسن علی کی جانب سے تسلسل کے ساتھ اسٹمپ سے باہر جاتی گیندیں بھی کرائی گئیں۔ اسپنرز یاسر شاہ کی گھومتی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اسٹروکس کھیلنے کی مشق کی گئیں۔ جبکہ بابر اعظم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ کپتان سرفراز احمد نے پیسرز کے بعد اسپنرز کی گیندوں پر اپنے اسٹروکس چیک کیے۔ دوسری جانب پہلی فتح کا اعتماد لیے کیوی کرکٹرز نے بھی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ مہمان ٹیم نے فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ اور بالنگ پریکٹس کرتے ہوئے صلاحیتیں نکھاریں۔ سب سے زیادہ طویل اسپیل پاکستانی بیٹنگ لائن کو پریشان کرنے والے اعجاز پٹیل نے کیا۔ ادھر دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پیسر شاہین آفریدی کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے انگلینڈ لائنز کے خلاف میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ابو ظہبی ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون برقرار رکھیں گے، لیکن پچ کی کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے نوجوان پیسر کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ’’پہلا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں تھے، لیکن چند غلطیوں کی وجہ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ جو کچھ ابوظہبی میں ہوا، اسے پیچھے چھوڑ کر آئے ہیں۔ وہاں ٹیم میٹنگ میں ہی یہ ارادہ کرلیا تھا کہ اگلے میچوں میں اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے سیریز میں واپس آئیں گے‘‘۔ دریں اثنا عالمی بک مارکیٹ میں آج سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کو ’’اسپاٹ ڈرا‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یعنی میچ میں سب سے زیادہ ڈرا پر پیسہ لگانے والے جواریوں کیلئے جیک پوٹ ڈیل رکھی گئی ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کی شکست جواریوں پر بھی بجلی بن کر گری۔ آخری روز تک گرین کیپس ہی فتح کیلئے فیورٹ تھے۔ خاص طور پر 176 رنز کے تعاقب میں جب اسکور 3 وکٹ پر 130 تھا تب نیوزی لینڈ کی کامیابی کا بھائو 1-280 ہوچکا تھا۔ مگر بعد میں آخری 7 وکٹیں گرنے سے گرین کیپس کی کامیابی پر داؤ کھیلنے والوں کی جیبیں خالی ہوگئیں۔ جوئے کا قانونی کاروبار کرنے والے ادارے نے یہ نہیں بتایا کہ کیویز کی کامیابی پر کتنے لوگوں نے کس قیمت پر دائو کھیلا۔ ٭
٭٭٭٭٭