بیماریوں کا علاج
28۔ جو کوئی روزانہ تین ہزار بار اسم مبارک الحی کا ورد رکھے گا، وہ کبھی بیمار نہ ہوگا اور جو کوئی اس اسم کو چینی کے برتن پر مشک اور گلاب سے لکھ کر شیریں پانی سے دھوکر پئے یا کسی دوسرے بیمار کو پلائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اسے شفاء کامل نصیب ہوگی اور جو کوئی ایک ہزار بار کسی بیمار پر پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی عمر دراز ہوگی اور جو کوئی اس اسم کو ایک سو بیس دفعہ کاغذ پر لکھ کر دروازہ پر لٹکا دے، اس گھر میں جتنے لوگ رہتے ہوںگے، برے امراض سے محفوظ رہیں گے۔
29۔ جو کوئی کھانا کھاتے وقت ہر نوالے کے ساتھ اسم مبارک یا واجد پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس سے بیماری دور ہوگی۔
30۔ جو کوئی الماجد کو پانی پر دم کرکے مریض کو پلائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو مریض شفاء پائے اور جو دس بار شربت پر پڑھ کر پی لیا کرے گا تو بفضل باری تعالیٰ بیمار نہ ہوگا۔
31۔ جو عورت مخصوص ایام میں کثرت سے اسم مبارک المتعالی کا ذکر کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی تکلیف رفع ہوگی۔
32۔ جو المنتقم کو بکثرت پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی آنکھ ہرگز نہیں دکھے گی۔
33۔ جو شخص ’’یا ذالجلال والاکرام بیدک الخیر و انت علی کل شیء قدیر‘‘ کو پڑھ کر پانی پر دم کرکے وہ پانی بیمار کو پلائے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو بیمار شفا پائے گا۔
34۔ جو شخص کسی ظاہری یا باطنی مرض یا بلا میں گرفتار ہو، وہ اپنے تمام اعضاء پر اور جسم پر یا غنی پڑھ کر دم کیا کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو نجات پائے گا۔ جو کوئی اس اسم کا ورد رکھے گا اس کے اعضاء کا درد جاتا رہے گا۔
35۔ جس جگہ تکلیف ہو المغنی پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے اس جگہ ملا جائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو تندرست ہو جائے گا۔
36۔ جو کوئی النافع کو مریض پر دم کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ شفا پائے گا۔
37۔ جو کوئی النور کو النافع کے ساتھ ملا کر پڑھے اور مریض پر دم کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ شفاء پائے گا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭