اسما الحسنیٰ-مشکلات کا حل

خوف سے نجات
1۔ خائف اگر ایک سو گیارہ مرتبہ ’’یا سلام‘‘ پڑھ کر دم کرے تو خوف سے محفوظ رہے گا۔
2۔ جو کوئی روزانہ تین بار ’’المومن‘‘ پڑھنے کا معمول رکھے وہ خوف سے نڈر ہو اور اگر خوف زدہ آدمی فرضوں کے بعد چھتیس بار اس اسم کا ورد رکھے تو اس کی جان و مال محفوظ رہے گا اور جس پر رعب اور خوف طاری ہو، وہ یا سلام یا مؤمن کا ورد رکھے، خصوصاً حالت سفر میں اگر ورد کریں تو حق تعالیٰ کی طرف سے امن و سلامتی نصیب ہو اور جو شخص کسی خوف کے وقت چھ سو تیس بار اس اسم کو پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو ہر طرح کے خوف اور نقصان سے محفوظ رہے گا اور جو کسی خوف کے وقت 230 بار اس اسم کو پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا توہر طرح کے خوف اور نقصان سے محفوظ رہے گا۔
3۔ جو کسی ظالم سے ڈرتا ہو، وہ ’’القھار‘‘ کو فرض نماز کے بعد تین سو چھ بار پڑھا کرے، رب تعالیٰ اسے امن و امان میں رکھے گا اور دشمن پر غلبہ ہوگا اور حاکم مہربان ہوگا، نیز ضعف دل سے جاتا رہے گا۔
4۔ جو کوئی ظالم سے ڈرتا ہو ’’الخافض‘‘ کو ستر بار پڑھا کرے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کے ظلم سے بچا رہے گا۔
5۔ جو ایک سو ساٹھ بار ’’اللطیف‘‘ پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ خوف سے امن پائے گا۔
6۔ جو شخص بکثرت ’’یا حفیظ‘‘ کا ورد رکھے گا، وہ خوف سے محفوظ رہے گا اور جو ہر روز سولہ بار پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو ہر طرح سے نڈر رہے گا۔
7۔ جو کوئی کسی بھی آسمانی آفت کے خوف کے وقت بکثرت ’’یا وکیل‘‘ کا ورد کرے گا اور اس اسم کو اپنا وکیل بنالے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ ہر آفت سے محفوظ رہے گا۔
8۔ جو کوئی تنہائی سے ہراساں ہو۔ اکیلا باوضو ایک ہزار بار ’’الواحد‘‘ کو پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کے دل سے خوف جاتا رہے گا اور اس کیلئے عجائبات ظاہر ہوں گے۔
9۔ جو کسی شخص سے ڈرتا ہو ’’العفو‘‘ کو بہت پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ نڈر ہوگا اور جو اسے ایک سو چھپن (156) بار پڑھے گا، رب تعالیٰ اسے خوف سے امن عطا فرمائے گا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment