ایمر جنگ کپ کیلئے پی ایس ایل طرز کی سیکورٹی دی جائے گی

قیصر چوہان
ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹ ایمرجنگ کرکٹ کپ میں شرکت کرنے والی غیر ملکی ٹیموں کیلئے پی ایس ایل طرز کی سیکورٹی دی جائے گی۔ یہ فیصلہ گزشتہ ماہ چینی قونصلیٹ پر حملے اور رواں ماہ ڈیفنس میں کار بم دھماکے کے بعد کیا گیا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کو آئی سی سی کی جانب سے فل سیکورٹی کلیرنس مل چکی ہے۔ یہی سبب ہے کہ آئندہ برس فروری میں پاکستان سپر لیگ کے زیادہ میچز لاہور کے مقابلے میں کراچی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم چند کالعدم تنظمیں ’’را‘‘ کی ایما پر شہر قائد کا امن خراب کرنے کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کا منصبوبہ ہے۔ لہذا ایمرجنگ کپ کے کراچی کے دو میزبان اسٹیڈیمز کی سیکورٹی فوج کے سپرد کر دی گئی ہے۔ جبکہ بیرونی احاطہ رینجرز اور پولیس اہلکار سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کے دو میدان ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھ میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے علاوہ میزبان پاکستان کی ٹیم حصہ لے گی۔ جبکہ بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچ سری لنکا میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کولمبو فائنل کی میزبانی کرے گا۔ سیکورٹی امور کے حوالے سے گزشتہ ماہ ہوم سیکریٹری کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرنل عثمان اور دیگر سیکورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اجلاس میں تینوں غیر ملکی ٹیموں کو سخت سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جہاں کھلاڑیوں کی سیکورٹی کیلئے پی ایس ایل طرز کا فول پروف سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ساؤتھ اینڈ کلب ڈی ایچ اے میں موجود اطرافی مارکیٹیں جزوی طور پر سیل کی جائیں گی۔ جبکہ ٹریفک کا بھی متبادل روٹ تیار کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ جبکہ گروپ اے کے میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی مکمل میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ گزشتہ سال اکتوبر میں ایشین کرکٹ کونسل کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔ لیکن گزشتہ ماہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد سری لنکا ٹورنامنٹ کا مشترکہ میزبان بنا اور اب بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز تیرہ دسمبر کو کولمبو میں ہوں گے۔ جبکہ پندرہ دسمبر کو ہونے والے فائنل کی میزبانی بھی کولمبو کرے گا۔ گروپ اے بھارت، افغانستان، اومان اور میزبان سری لنکا پر مشتمل ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے قواعد و ضوابط کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں ٹیسٹ رکنیت رکھنے والے پانچ ممالک پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں گیارہ کرکٹرز تیئس سال سے کم عمر ہوں گے۔ تیئیس سال سے زائد عمر کے چار کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ہے۔ البتہ ہانگ کانگ، متحدہ عرب امارات اور اومان کی ٹیموں کے لئے عمر کی حد نہیں رکھی گئی اور ان کی قومی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔
چھ دسمبر کو پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا۔ اسی روز بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ سات دسمبر کو پاکستان کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات سے ہو گا۔ جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم ہانگ کانگ کا سامنا کرے گی۔ نو دسمبر کو گروپ بی کے آخری دن پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی۔ جبکہ ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ادھر ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی پندرہ رکنی ٹیمیں کراچی ائیر پورٹ پہنچ گئی ہیں۔ جہاں سخت سیکورٹی حصار میں کھلاڑیوں کو نجی فائیو اسٹار ہوٹل میں منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ایمرجنگ ایشیا کپ کیلئے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے لئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، ذیشان ملک، علی عمران، حسین طلعت، سعد علی، خوشدل خان، سعود شکیل، عاشق علی، محمد اصغر، غلام مدثر، ثمین گل، موسیٰ خان، محمد الیاس اور سلیمان شفقت شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment