استخارہ:
(1) جو شخص استخارہ کرنا چاہے، شب جمعہ کو نماز کے بعد سو بار مسجد میں ’’یا علیم‘‘ پڑھ کر سو رہے، مطلوبہ حال سے آگاہی پالے گا اور جو کچھ نامعلوم امر دریافت کرنا چاہے، اول دو رکعت نماز پڑھے، پھر درود شریف، پھر ’’سبحانک لا علم لنا…‘‘ (سورۃ البقرۃ کی آیت 32 مکمل) ستر بار پڑھ کر ’’یا علیم علمنی یا خبیر اخبرنی یا مبین بین لی‘‘ سو سو بار پڑھ کر اپنا مطلب تصور کر کے لیٹے رہے۔ اگر نیند نہ آئے تو اٹھ کر کسی مجمع میں چلا جائے، وہاں لوگوں کی باتوں سے بطریق اشارہ مطلب معلوم کرے۔
(2) استخارہ کے واسطے اکتالیس دن تک روزانہ تین سو بار ’’یا خبیر اخبرنی‘‘ پڑھے، پھر جب ضرورت پڑے تو تین سو بار پڑھ کر سوجائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو نیک و بدحال کی اطلاع ہو جائے گی۔
(3) جس کو اپنے کسی کام یا مقصد کی تدبیر سمجھ میں نہ آئے، وہ مغرب و عشاء کے درمیان ایک ہزار بار ’’یا رشید‘‘ پڑھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو خواب میں تدبیر نظر آئے گی یا دل میں اس کا القاء ہو جائے گا۔
حکام کے شر سے حفاظت:
(1) جو کسی حاکم کے سامنے ’’یارحمن الدنیا ورحیم الاخرۃ بحق یا بدوح‘‘ پڑھتا جائے اور دم کرتا جائے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس پر حاکم سختی نہیں کرے گا۔
(2) جو کسی جابر حکمران کے پاس جاتے وقت ’’یا رحمن یارحیم‘‘ پڑھتا جائے رب تعالیٰ اسے اس ظالم کے شر سے بچا لیتا ہے اور اس کی خیر اسے عطاء فرماتا ہے۔
(3) جو کوئی ایک سو چھتیس بار ’’المؤمن‘‘ پڑھا کرے ظالموں سے محفوظ رہے گا۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭