خواب میں اصلاح

حضرت جنید بغدادیؒ نے مسجد میں ایک شخص کو دیکھا کہ خوب قوی اور تندرست موٹا تازہ ہے اور بھیک مانگ رہا ہے، انہوں نے اپنے دل میں اس پر طعن اور اعتراض کیا، رات کو خواب میں دیکھا کہ کوئی مردے کا گوشت کھانے کو کہتا ہے اور ان کے انکار پر کہتا ہے کہ تم نے آخر اس کی غیبت کر کے مردے کا گوشت کھایا نہیں تھا؟ انہوں نے کہا کہ میں نے تو اس کو کچھ نہیں کہا، جواب ملا کہ کیا غیبت دل میں نہیں ہوتی، بلکہ اول تو دل ہی میں پیدا ہوتی ہے۔
بیشک کلام تو دل ہی میں ہوتا ہے، البتہ زبان کو دل کا ترجمان بنایا گیا ہے۔ آپؒ بیدار ہو کر معاف کرانے کے لیے چلے گئے، اس شخص نے آپ کو آتے دیکھ کر دور ہی سے یہ آیت پڑھی۔
ترجمہ ’’وہی ہے قبول کرتا ہے توبہ اپنے بندوں کی۔‘‘
اور پھر کہا کہ دوبارہ ایسا نہ کرنا۔
مہدی کا خواب!
شریکؒ خلیفہ مہدی کے زمانے میں قاضی تھے، ایک مرتبہ وہ مہدی کے پاس پہنچے تو اس نے انہیں قتل کروانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ قاضی صاحب نے پوچھا:
’’امیر المومنین کیوں؟‘‘۔
مہدی نے کہا ’’میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ تم میرا بستر روند رہے ہو اور مجھ سے منہ موڑے ہوئے ہو۔ میں نے یہ خواب ایک معبر کے سامنے پیش کیا تو اس نے یہ تعبیر دی
کہ قاضی شریکؒ ظاہر میں تو آپ کی اطاعت کرتے ہیں لیکن اندر اندر آپ کے نافرمان ہیں‘‘۔
قاضی شریک نے جواب دیا ’’خدا کی قسم امیر المومنین، نہ آ پ کا خواب ابراہیم علیہ السلام کا خواب ہے اور نہ آپ کا تعبیر دینے والا یوسف علیہ السلام ہے۔ تو کیا آپ جھوٹے خوابوں کے بل پر مسلمانوں کی گردنیں اتارنا چاہتے ہیں؟‘‘
مہدی یہ سن کر جھینپ گیا اور قتل کرنے کا ارادہ ملتوی کردیا۔ ( الا عتصام ص 353 ج 1)
علم نافع کے حصول کی دعا
حدیث مبارکہ میں علم نافع، کشادہ روزی اور شفا کیلئے یہ دعا منقول ہے:
ترجمہ: ’’خدایا! میں تجھ سے مانگتا ہوں نفع دینے والا علم، کشادہ روزی اور ہر بیماری سے پوری شفا۔‘‘ (الحزب الاعظم: ص 60)
طلبا کو چاہئے کہ وہ مذکورہ بالا چیزوں کا بھی خوب اہتمام کریں اور علم حاصل کرنے کیلئے خوب محنت بھی کریں۔ (علم کا شوق پیدا کرنے اور علم میں ترقی حاصل کرنے کیلئے ان کتابوں کا مطالعہ بہت مفید رہے گا۔ 1 آداب المتعلمین (2) مطالعہ کی اہمیت (3) کامیاب طالب علم (ناشر دارالہدیٰ)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment