سدھارتھ شری واستو
کھرب پتی بھارتی تاجر مکیش انبانی کی بیٹی ایشا انبانی کی شادی کی ایک ہفتے پر مبنی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں اور تمام مہمان اپنے اپنے’’لفافے‘‘ لے کر گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔ لیکن اپنے پیچھے اس صدی کی ایک منفرد شادی کی یادگاریں چھوڑ گئے ہیں۔ جس میں شریک سینکڑوں غیر ملکی مہمانوں کو یو ایس ڈالرز میں پیمنٹس کی گئی ہیں، جس کا تخمینہ 5 کروڑ ڈالرز لگایا جا رہا ہے۔ یعنی ایک غیر ملکی مہمان کو ایشا کی شادی میں شرکت کیلئے انبانی فیملی نے ایک کروڑ 12 لاکھ پاکستانی روپے کی ادائیگی کی ہے۔ تاہم ریلائنس کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ رقم فی کس محض اندازہ قائم کرنے کیلئے ہے، کیونکہ بعض مہمانوں اور بالخصوص اداکاروں اور گلوکاروں کو بھاری ادائیگیاں کی گئی ہیں اور انہیں چارٹرڈ طیاروں میں لایا اور لے جایا گیا ہے۔ 600 سے زائد غیر ملکی مہمانوں کو شادی میں شرکت کیلئے طلائی کارڈ بھیجے گئے تھے اور ایک کارڈ کی مالیت 4200 ڈالرز تھی، جس میں مہمانوں کے حسب مراتب ہیرے اور جواہرات سے مزین طلائی مالائیں رکھی گئی تھیں۔ ان غیر ملکی مہمانوں میں samsung کے نائب صدر سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار، کمپنیوں کے افسران اور مالکان شامل تھے، کیلئے اودے پور اور ممبئی کے مختلف ہوٹلوں میں ایک ہزار سے زیاہ وی آئی پی سوٹس اور کمروں کی ایک ہفتے کی بکنگ کرائی گئی تھی اور ان مہمانوں کیلئے من پسند کھانوں، مٹھائیوں اور شرابوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی گلوکارہ بیونسے کو چار گانوں پر رقص کیلئے 15 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن جب بیونسے واپس واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئیں تو ان کو انبانی فیملی کی جانب سے 40 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی گئی۔ اس سلسلے میں بھارتی حکام کا مزید دعویٰ ہے کہ شادی میں شریک سابق امریکی خاتون اول اور سابق سکریٹری آف اسٹیٹ ہلیری کلنٹن کو بھی لاکھوں ڈالرز کے تحائف دیئے گئے اور مسٹر مکیش انبانی نے ان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتہائی قیمتی ہار بھی بطور شکرانہ ہیلری کلنٹن کی نذر کیا، جس پر وہ بہت خوش ہوئیں۔ اس شادی میں سابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری بھی شریک تھے، جنہوں نے انڈین گانوں پر ڈانس بھی کیا۔ بھارتی آن لائن جریدے، فلمی فنڈا نے بتایا ہے کہ سلمان خان، عامر خان و بیگم، شاہ رخ خان و بیگم، ایشوریا روئے اور بچن فیملی، ودیا بالن، کرن جوہر، سدھارتھ ملہوترا، ورون دھون، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، کترینا کیف اور ریکھا سمیت 100 اسٹارز اور پروڈیوسرز نے شرکت کی اور اپنا اپنا ’’حصہ ‘‘ نقدی اور چیکوں کی شکل میں وصول کیا۔ بالی وڈ کے بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس شادی میں تمام اداکاروں اور اداکارائوں کو منہ مانگی رقم ادا کی گئیں، جو ان کی ایک فلم کے معاوضے کے مساوی تھیں۔ سلمان، عامر اور شاہ رخ سمیت اول درجہ کے فنکاروں کو فی کس 50 کروڑ روپے دیئے گئے۔ تمام زر خرید مہمانوں نے ایشا کی شادی میں اپنا رنگ جمانے کی بھرپور کوشش کی۔ ہلیری کلنٹن نے شاہ رُخ کے ساتھ ڈانس کیا۔ مہمانوں میں دو اہم فلمی جوڑے بھی تھے جن کی نئی نئی شادی ہوئی ہے، ان میں رنویر کپور اور دیپکا پڈوکون نے شادی میں رقص کیا اور اپنا حصہ وصولا۔ جبکہ دوسرا نیا نویلا جوڑا، امریکی گلوکار نک جونس اور ان کی بھارتی اسٹار بیوی پریانکا چوپڑا کا تھا۔ عالمی سطح پر مہنگی شادیوں کا اب تک کا ریکارڈ 1981ء میں شہزادہ چارلس اور شاہزادی ڈیانا کا تھا، جس پر 11 کروڑ ڈالرز خرچ کئے گئے تھے۔ لیکن مکیش انبانی نے اپنی بیٹی ایشا کی شادی پر خزانوں کے منہ کھول دیئے۔ اس شادی پر اخراجات کا اندازہ 25 سے 30 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے۔ لیکن استفسار کے باوجود انبانی فیملی نے باضابطہ اخراجات کا تخمینہ نہیں بتایا۔ بھارتی کمپنی ریلائنس اور انبانی فیملی کے قریب رہنے والے بعض افراد نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ اس شادی پر مکیش انبانی نے 18 ارب بھارتی روپے خرچ کئے ہیں، جس میں ایک بڑا حصہ ملکی اور غیر ملکی مہمانوں نے ’’وصول‘‘ کیا ہے۔ چھ سو سے کچھ اوپر غیر ملکی مہمانوں کو جو دعوت نامے پہنچائے گئے تھے، ان کے ساتھ بہترین مٹھائیاں، پرفیومز، طلائی مالائیں اور چارٹرڈ طیاروں کے پاس اور بزنس کلاس کے ریٹرن ٹکٹ بھی ارسال کئے گئے تھے۔ سینکڑوں غیر ملکی اور ہزاروں ملکی مہمانوں کو ممبئی اور دہلی ایئر پورٹ سے اودے پور/ راجستھان اور واپس ممبئی لانے کیلئے اور مہمانوں کو ہوٹلوں سے شادی گھر، منڈپ یا فنکشن کے مقامات پر پہنچانے کیلئے 1,000 بگھیاں اور ایک ہزار ہی لیموزین، جیگوار، مرسڈیز اور مہنگی مہنگی گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی تھیں۔ جن میں گارڈز، شوفرز اور ڈرائیورز کی تعداد بھی پانچ ہزار سے زائد تھی۔ جبکہ اودے پور کے ایئرپورٹ پر 75 طیاروں کو چارٹرڈ کرکے رکھا گیا تھا، جن کے اسٹینڈ بائی پائلٹ حکم ملتے ہی مطلوبہ مہمان کو لینے اس کے شہر پرواز کرجاتے تھے۔ اودے پور میں موجود بھارتی صحافی سندرانی راجپوت نے بتایا ہے کہ ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش انبانی نے اپنی 27 سالہ صاحبزادی ایشا انبانی کی شادی اپنے سے کم حیثیت لیکن کھرب پتی تاجر، اجے پیرا مل کے بیٹے آنند پیرا مل سے براہمن ہندو روایات کے تحت منظور کی اور 12 دسمبر کو ایشا انبانی اور آنند پیرامل کی شادی کی تقریبات مکمل ہوئیں۔ 100 پنڈتوں نے دلہن اور دولہا کیجنم کنڈلی ملائی اور شادی کا شبھ مہورت بھی نکالا تھا۔ جبکہ ایک ہزار سے زیادہ سادھوئوں اور پنڈتوں نے شادی کے وقت نحوست دور کرنے کیلئے پاٹھ پڑھا اور پوجا بھی کی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مکیش انبانی کی جانب سے ’’ان نا سیوا‘‘ کے نام پر اودے پور سے تعلق رکھنے والے 51,000 عام شہریوں کو بھی چار روز تک تین وقت کا کھانا مہمان بنا کر کھلایا گیا۔ اس کیلئے انبانی فیملی کی جانب سے ایک درجن منیجرز اور ایک ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ غریبوں کو کھانا کھلانے کیلئے 10 ہزار ویٹرز کو تعینات کیا گیا تھا۔ جبکہ عوام کی بھیڑ کو قابو کرنے اور نظم و ضبط کیلئے دس ہزار پولیس اہلکار اور پرائیویٹ گارڈز تعینات تھے۔ ایشا انبانی نے 51 ہزار غریبوں کو اپنی شادی کا مہمان قرار دیا اور اپنے ہاتھوں سے ان کیلئے تھالیوں میں کھانا پروسا۔ دولہن ایشا انبانی کیلئے شادی کا ڈریس غیر ملکی اور ملکی ڈیزائنرز نے تیار کیا جس پر 10 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی۔ اودے پور کے رجواڑوں میں اس شادی کے ایک درجن سے زیادہ فنکشن بھی منعقد کئے گئے، راجائوں مہاراجائوں کے ان محلات کا کرایہ بھی کروڑوں روپے ادا کیا گیا۔ جبکہ آتش بازیوں، اسپیشل سائونڈز اور لائٹنگ کیلئے بالی وڈ کے معروف ٹھیکیداروں سے کروڑوں کی ڈیل کی گئی تھی۔ شادی کی تقریبات میں ایک ہزار سے زیادہ باورچیوں، حلوائیوں سمیت کیک اور پزا بنانے والوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ مکیش انبانی کی بیٹی کی شادی میں پھولوں اور خوشبوئوں کا بھی بڑے اعلیٰ پیمانے پر اہتمام کیا گیا تھا، جس کیلئے راجستھان کے تمام گل فروشوں سے کنٹریکٹ کئے گئے تھے اور ان کو ہر روز لاکھوں مالیت کے پھولوں اور مالائوں کا اہتمام کرنے کا منہ مانگا معاوضہ دیا گیا۔ شادی کی تقاریب کے اختتام پر ایشا انبانی اپنے شوہر آنند پیرامل کے ساتھ اپنے والد کی جانب سے گفٹ کئے جانے والے چار ارب پچاس کروڑ مالیت کے شاندار گھر میں رہیں گی۔ جس کو خصوصی طور پر ان کیلئے ڈیزائن کیا اور سجایا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭