معارف القرآن

معارف ومسائل
صحابہؓ کے بارے میں پوری امت کا اجماعی عقیدہ:
امت مسلمہ کا یہ عقیدہ ہے کہ تمام صحابہ کرامؓ کی تعظیم و تکریم، ان سے محبت رکھنا، ان کی مدح و ثناء کرنا واجب ہے اور ان کے آپس میں جو اختلافات اور مشاجرات پیش آئے ان کے معاملے میں سکوت کرنا، کسی کو مورد الزام نہ بنانا لازم ہے، عقائد اسلامیہ کی تمام کتابوں میں اس اجماعی عقیدہ کی تصریحات موجود ہیں، امام احمدؒ کا رسالہ جو بروایت اصطخری معروف ہے اس کے بعض الفاظ یہ ہیں:
’’کسی کے لئے جائز نہیں کہ صحابہ کرامؓ کی کسی برائی کا ذکر کرے، یا ان میں سے کسی پر طعن کرے یا کوئی عیب یا نقصان ان کی طرف منسوب کرے اور جو ایسا کرے اس کو سزا دینا واجب ہے۔‘‘ (شرح العقیدۃ الواسطیتہ معروف بہ الدرۃ المفیتہ ، ص 389)
اور ابن تیمیہؒ نے الصارم المسلول میں صحابہ کرامؓ کے متعلق فضائل و خصوصیات کی بہت سی آیات اور روایات حدیث لکھنے کے بعد لکھا ہے:’’جہاں تک ہمارے علم میں ہے ہم اس معاملے میں علمائ، فقہائ، صحابہ و تابعین اور تمام اہل السنۃ و الجماعۃ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں پاتے، کیونکہ سب کا اس پر اجماع ہے کہ امت پر واجب یہ ہے کہ سب صحابہ کرامؓ کی مدح و ثناء کرے اور ان کے لئے استغفار کرے اور ان کو خدا کی رحمت و رضا کے ساتھ ذکر کرے، ان کی محبت اور دوستی پر ایمان رکھے اور جو ان کے معاملہ میں بے ادبی کرے اس کو سزا دے۔‘‘(جاری ہے)

Comments (0)
Add Comment