جنین کا فرشتہ
حضرت ابن عباسؓ ارشاد فرماتے ہیں کہ ایک فرشتہ جنین (ماں کے پیٹ میں موجود بچہ) کا نگران ہے، جب اس کی ماں سوتی یا لیٹ جاتی ہے تو یہ (فرشتہ) اس (جنین ) کا سر اوپر کو اٹھا دیتا ہے، اگر وہ ایسانہ کرے تو بچہ خون میں غرق ہو جائے۔ (ابو الشیخ)
(فائدہ) یہ فرشتہ رحم میں موجود خون میں ڈوبنے سے بچہ کی حفاظت کرتا ہے۔
درود سے متعلق فرشتہ
حضرت ابوطلحہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) میرے پاس حضرت جبرائیلؑ آئے اور کہا اے محمد! آپ کی امت سے جو بھی ایک مرتبہ آپ پر درود پڑھے گا، خدا تعالیٰ اس کے ثواب میں دس نیکیاں لکھ دیتے ہیں، اس کے دس گناہ مٹا دیتے ہیں اور دس درجات بلند کر دیتے ہیں اور اسے ایک فرشتہ بھی (خواب میں) ویسا ہی کہتا ہے جیسا اس نے آپ کے لئے کہا تھا۔
میں نے پوچھا: اے جبرائیلؑ یہ فرشتہ کون ہے (اور کیا کرتا ہے؟) تو انہوں نے بتلایا کہ خدا تعالیٰ نے اس وقت سے ایک فرشتہ آپ کے متعلق کر رکھا ہے جب سے خدا تعالیٰ نے آپ کو پیدا کیا، یہاں تک کہ آپ کو نبی بنایا، آپ کی امت میں سے کوئی بھی آپ پر درود نہیں پڑھتا، مگر یہ فرشتہ کہتا ہے: تجھ پر بھی خدا تعالیٰ رحمت بھیجے۔
فرشتوں کا استغفار کرنا:
(حدیث) حضرت حسن بن علیؓ فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) خدا عزوجل نے دو فرشتے میرے متعلق (مقرر) فرمائے ہیں، میرا ذکر کسی مسلمان بندے کے سامنے نہیں کیا جاتا، مگر وہ مجھ پر درود پڑھتا ہے تو یہ دونوں فرشتے کہتے ہیں کہ رب تعالیٰ تجھے معاف فرمادے اور رب تعالیٰ اور اس کے فرشتے ان دونوں فرشتوں کے جواب میں کہتے ہیں: آمین۔
(فائدہ) رب تعالیٰ کا دونوں فرشتوں کے جواب میں آمین کہنے کا مطلب یہ ہے کہ رب تعالیٰ ان کی دعا قبول فرماتا ہے اور اس کے گناہ معاف کردیتا ہے۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭