صندل باباؒ تصوف کے ایک مشہور بزرگ گزرے ہیں۔ ان کے وظائف کا مجموعہ ’’تحفہ صندلیہ‘‘ کے نام سے چھپ چکا ہے۔ جس میں مختلف مسائل، پریشانیوں اور مصائب کا حل قرآن و سنت کے مجرب وظائف کے ذریعے بتایا گیا ہے۔ جس کے منتخب حصے نذر قارئین ہیں۔
ہر مرض کا علاج
فجر کی سنتوں اور فرضوں کے درمیان 41 بار سورہ فاتحہ پڑھیں، شروع میں ایک بار تعوذ اور پھر ہر بار تسمیہ اور پوری سورت ایک سانس میں پڑھیں اور آخر میں آمین نہ کہیں۔
کئی بڑے امراض کا علاج
فجر کی سنتوں اور فرضوں کے درمیان تمام حروف تہجی (الف سے یا تک) 41 بار پڑھیں اور ہر بار الف سے یا تک ایک سانس میں پڑھیں۔
یہ خصوصی طور پر دمہ، کھانسی، سانس کے امراض، نزلہ، زکام وغیرہ کا علاج ہے اور آنکھوں کی روشنی کے لیے بھی مفید ہے۔
41 بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں یا اپنی ہتھیلی پر دم کر کے اسے بدن پر پھیر دیں۔
دشمن کے شر سے حفاظت
روزانہ 51 مرتبہ یہ دعا پڑھیں:
یا رب ادفع العظیم بالعظیم و انت اعظم من کل عظیم
اول آخر طاق عدد میں درود قادری۔
گمشدہ کی واپسی کا عمل
سورۃ طٰہ کی آیت نمبر 40
یہ آیت لکھ کر چرخہ کے ساتھ باندھ دیں اور روزانہ صبح کی نماز کے بعد اسے سو مرتبہ الٹا چکر دیں۔ مقصد پورا ہونے تک یہ عمل جاری رکھیں۔ باری تعالیٰ نے چاہا تو گمشدہ جلد واپس آجائے گا۔
عذاب قبر سے حفاظت
جو شخص سورۃ الملک ہمیشہ پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ عذاب قبر سے محفوظ رہے گا۔(جاری ہے)