فرشتوں کی عجیب دنیا

رزق کے فرشتے
(حدیث) حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) خدا تعالی کے (بہت سے) فرشتے ایسے ہیں جو انسانوں کے رزق (مہیا کرنے) پر متعین ہیں۔ حق تعالیٰ نے ان کو حکم فرمایا ہے کہ جس آدمی کو تم اس حالت میں پاؤ جس نے صرف (روزی کے دھندے کو) اپنا اوڑھنا بچھونا بنا رکھا ہے تو تم اس کو آسمانوں اور زمین کے رزق مہیا کردو اور دیگر انسانوں کو بھی (بقدر تقدیر خداوندی) حصہ دو، اور جس آدمی کو تم اس کے علاوہ کی طلب کرتا ہوا پاؤ تو اس کو اس کے ارادے سمیت مہلت دیدو، یہ شخص اس درجہ سے زیادہ روزی حاصل نہیں کرسکے گا جتنا میں نے اس کے لئے مقرر فرما رکھی ہے۔ (نو ادر الاصول حکیم ترمذی، جمع الجوامع 6951، کنز العمال حدیث 9321)
نماز کا فرشتہ
(حدیث) حضرت انسؓ فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:
ترجمہ: حق تعالیٰ کا ایک فرشتہ وہ ہے جو ہر نماز کے وقت یہ پکارتا ہے: اے اولاد آدم! اپنی آگوں کی طرف اٹھو، جن کو تم اپنے لئے جلا رکھا ہے، ان کو نماز سے بجھادو۔ (معجم طبرانی)
جنازے کے فرشتے
(حدیث) حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) خدا تعالیٰ کے (بہت سے) فرشتے جنازے کے ساتھ چلتے ہیں اور کہتے ہیں: پاک ہے وہ ذات جو اپنی قدرت سے (سب پر) غالب ہے اور اپنے بندوں پر موت کے ذریعے قہار ہے۔ (تاریخ رافعی، کنز العمال)
میت کے اعمال پوچھتے ہیں:
حضرت (سوید) ابن غفلہ (تابعیؒ) فرماتے ہیں: فرشتے جنازے کے آگے آگے چلتے ہیں اور کہتے ہیں کہ (اس) فلاں نے آخرت کے لئے کیا بھیجا؟ جب کہ لوگ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ (اس) فلاں نے ترکہ میں کیا چھوڑا؟ (سعید بن منصور)
(فائدہ) اس طرح کی ایک مرفوع حدیث حضرت ابوہریرہؓ سے بھی مروی ہے جس کو امام بیہقی اور دیلمی نے تخریج کیا ہے ہم نے تکرار مضمون کی وجہ سے ترجمہ کو ترک کردیا ہے۔(جاری ہے)

Comments (0)
Add Comment