مولانا عمر پالن پوریؒ ہندوستان کے جید عالم، عالم اسلام کے نامور داعی اور صاحب نسبت بزرگ گزرے ہیں۔ ان کے مجرب روحانی نسخوں کا مجموعہ ان کے بیٹے مولانا یونس پالن پوری نے جمع کیا ہے۔ اس کے منتخب حصے نذر قارئین ہیں۔
دیندار بننے کا آسان نسخہ:
حضرت شاہ عبدالغنی پھولپوری قدس سرہ العزیز نے ارشاد فرمایا (کہ جس شخص کو) شدید قبض طاری ہو اور قلب میں انتہائی ظلمت اور جمود پیدا ہو گیا ہو اور سالہا سال سے دل کی یہ کیفیت نہ جاتی ہو تو ہر روز وضو کر کے پہلے دو رکعت نماز نفل توبہ کی نیت سے پڑھے پھر سجدہ میں جا کر بارہ گاہ رب العزت میں عجزو ندامت کے ساتھ خوب گر یہ وزاری کرے اور خوب استغفار کرے، پھر اس وظیفہ (آیت) کو 360 مرتبہ بڑھا جائے۔
’’اے زندہ رہنے والے! اے قائم رکھنے والے! تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے۔ بے شک میں ہی ظلم کرنے والوں میں سے ہوں۔ (پارہ17 آیت87 سورۃ الانبیاء)
وظیفہ مذکور میں ’’یاحی یا قیوم‘‘ دو اسماء الٰہیہ ایسے ہیں جن کے اسم اعظم ہونے کی روایت ہے اور آگے وہ خاص آیت ہے، جس کی برکت سے حضرت یونس علیہ السلام نے تین تاریکیوں سے نجات پائی، پہلی تاریکی اندھیری رات کی، دوسری پانی کے اندر کی، تیسری مچھلی کے شکم کی۔ ان تین تاریکیوں میں حضرت یونس علیہ السلام کی کیا کیفیت تھی، اس کو خود حق تعالیٰ جلّ شانہ نے ارشاد فرمایا ’’اور وہ گھٹ رہے تھے‘‘ کظم عربی لغت میں اس کرب وبے چینی کو کہتے ہیں، جس میں خاموشی ہو۔ حضرت یونس علیہ السلام کو اسی آیت کریمہ کی برکت سے حق تعالیٰ شانہ نے غم سے نجات عطا فرمائی اور آگے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ (ترجمہ) اور اسی طرح ہم ایمان والوں کو نجات عطا فرماتے ہیں۔ پس معلوم ہوا کہ قیامت تک غموں سے نجات پانے کے لیے یہ نسخہ نازل فرما دیا گیا۔ جو کلمہ کو بھی کسی اضطراب و بلا میں کثرت سے اس آیت کریمہ کا ورد رکھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ نجات پائے گا۔
( شرح مثنوی مولانا رومؒ اردو۔ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب مدظلہ حصہ اول صفہ136)