معرفت الٰہی کا حصول اور بلاؤں سے حفاظت:
یہ عمل حضرت مولانا شاہ محمد الیاس صاحب کاندھلویؒ کے جد امجد اور شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ کے شاگرد خاص حضرت مفتی الٰہی بخشؒ کا بار ہا کا آزمایا ہوا نہایت مجرب عمل ہے۔ اس کے پڑھنے سے خدا تعالیٰ کی معرفت اور اس کی محبت نصیب ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں نیکی کرنا اور گناہ سے بچنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ خدا تعالیٰ کی اطاعت، عبادت اور نیکیاں بکثرت کرنے کے لیے حق تعالیٰ کی محبت کا دل میں پیدا ہونا از حد ضروری ہے۔ اسی عظیم مقصد کیلئے اور بلاؤں کے دور کرنے اور حاجتوں کو پورا کرنے میں بھی اس عمل کو حضرت مولانا الحاج مفتی افتخار الحسن صاحب کاندھلوی (خلیفہ حضرت مولانا شاہ عبدالقادر صاحب رائے پوریؒ) بڑا مجرّب بتلاتے ہیں اور ضرورت مند لوگوں کو پڑھنے کے لیے ہدایت فرماتے ہیں۔
ترکیب عمل:
کسی بھی ماہ کا نیا چاند دیکھنے کے بعد پہلے جمعہ سے مستقل سات دن تک نیچے لکھی ہوئی تر کیب کے مطابق روزانہ دن میں یا رات میں ایک وقت اور جگہ متعین کر کے پابندی کے ساتھ حق تعالیٰ کے ان مبارک ناموں کا وظیفہ پڑھے، اگر کسی مجبوری سے جگہ اور وقت کی تبدیلی ہو جائے، تو کوئی حرج نہیں ہوگا۔ اگر کسی کو بدرجہ مجبوری یہ عربی دعا یاد نہ ہو سکے تو اس کا اردو ترجمہ ہی بڑھ لے، محروم نہ رہے گا۔
جمعہ کے دن ’’یا اﷲ یا ھو‘‘ ایک ہزار مرتبہ
ہفتہ کے دن ’’یا رحمن یا رحیم‘‘ ایک ہزار مرتبہ
اتوار کے دن ’’یا واحد یا احد‘‘ ایک ہزار مرتبہ
پیر کے دن ’’یا صمد یا وتر‘‘ ایک ہزار مرتبہ
منگل کے دن ’’یا حی یا قیوم‘‘ ایک ہزار مرتبہ
بدھ کے دن ’’یا حنان یا منان‘‘ ایک ہزار مرتبہ
جمعرات کے دن ’’یا ذا الجلال والاکرام‘‘ ایک ہزار مرتبہ
اور جمعہ کے دن بعد نمازِِ جمعہ کم از کم تین مرتبہ یہ دعا پڑھے:
’’خدایا! میں آپ سے درخواست کرتا ہوں ان عظیم اور مبارک ناموں کے واسطے سے کہ آپ رحمت بھیجئے حضرت محمدؐ پر اور آپؐ کی پاکیزہ آل پر اور سوال کرتا ہوں یہ کہ مجھے شامل فرمالے اپنے مقرب اور نیک بندوں میں۔ مجھے یقین کی دولت عطا فرما، دنیاوی امراض، مصیبتوں اور آخرت کے عذاب سے اپنی امان میں رکھ۔ ظالموں اور دشمنوں سے میری حفاظت فرما، ان کے دلوں کو پھیر دے۔ ان کو شر سے ہٹا کر خیر کی توفیق عنایت کرنا، آپ ہی کے اختیار میں ہے، خدایا میری اس درخواست کو قبول فرما، یہ میری صرف ایک کوشش ہے، بھروسہ اور توکل آپ ہی پر ہے۔ ( بیان کردہ حضرت مولانا افتخار الحسن صاحب کا ندھلوی)
( فائدہ) بندہ عاجز کی ادنیٰ رائے یہ ہے کہ جس مقصد کے لئے پڑھا جائے، اس کی نیت کر لی جائے اور جب تک وہ مقصد پورا نہ ہو، لگاتار ہر ماہ کے پہلے جمعہ سے سات دن کرتے رہیں، مجرب اور اکسیر عمل ہے، یقین محکم ہونا ضروری ہے۔ کسی نا گہانی آفت یا مصیبت کے درپیش ہونے کے وقت چاہے وہ مصیبت فصلوں پر، باغات پر یا جانوروں پر آئی ہو یا انسانوں پر آئی ہو، اس مصیبت کے دفع کے نیت کر کے یہ عمل کیا جاسکتا ہے۔ ہمارے بزرگوں کا عمل ہے۔ دعا ہے حق تعالیٰ پرھنے والے کی قبول فرمائے۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭