فرشتوں کی عجیب دنیا

فرشتوں کے مجموعی حالات:
اس سے قبل بہت سے فرشتوں کے حالات، ان کے اسماء کے تعین کے ساتھ یا بغیر تعین اسماء کے بیان کئے گئے ہیں۔ اب ان احادیث اور روایات کو ذکر کیا جاتا ہے، جن میں فرشتوں کے مجموعی حالات کا پتہ ملتا ہے، کسی خاص فرشتہ کا تعین نہیں پایا جاتا۔
فرشتوں کے پیٹ نہیں ہیں:
حضرت یحییٰ بن ابی کثیرؒ فرماتے ہیں کہ حق تعالیٰ نے فرشتوں کو ’’صمد‘‘ پیدا کیا ہے (یعنی) ان کے پیٹ نہیں ہیں (جن کی وجہ سے انہیں کھانے پینے کی ضرورت پیش آئے اور اس کے حاصل کرنے کیلئے محنت کرنے کی ضرورت ہو۔ (ابوالشیخ)
فرشتوں کے سانس تسبیح کا کام دیتے ہیں:
حضرت حسن (بصریؒ) فرمان باری تعالیٰ (ترجمہ) ’’فرشتے (حق تعالیٰ کی) رات دن تسبیح کرتے ہیں رکتے نہیں‘‘ کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ فرشتوں کے سانسوں کو ان کی تسبیح قرار دیا گیا ہے۔ (ابوالشیخ)
فرشتوں کو اپنی عبادت کیلئے پیدا فرمایا:
حضرت ابن عمرو بن عاصؓ فرماتے ہیں کہ حق تعالیٰ نے فرشتوں کو اپنی عبادت کرنے کے لئے پیدا فرمایا ہے (اسی طرح جنات اور انسانوں کو بھی اپنی عبادت کیلئے پیدا فرمایا) (تاریخ کبیر، امام بخاری)
حضرت ابن حارثؒ فرماتے ہیں: میں نے حضرت کعبؒ سے کہا (یہ فرشتے رات دن خدا کی تسبیح میں وقفہ نہیں کرتے) کیا ان کو پیغام رسالت پہنچانا اور ضرورت میں مصروف ہونا (تسبیح ادا کرنے سے) نہیں روکتا؟ فرمایا: حق تعالیٰ نے ان کے لئے تسبیح کو اس طرح سے مقرر کیا ہے جس طرح سے تمہارے لئے سانس کو۔ کیا تو کھاتا، پیتا، اٹھتا، بیٹھتا، آتا جاتا اور باتیں نہیں کرتا، جب کہ سانس بھی لے رہا ہوتا ہے تو تسبیح بھی ان کے لئے ایسے ہی ہے۔ (ابن منذر، ابن ابی حاتم، ابوالشیخ، شعب الایمان بیہقی) (جاری ہے)

Comments (0)
Add Comment