اگر بغیر ٹکٹ ٹرین کا سفر کرے؟
سوال: میرا ایک سوال ہے کہ دورانِ سفر اگر ہماری ٹرین نکلنے کا خطرہ ہو، ہم نے ٹکٹ بھی نہیں لیا، تو کیا ہم وہ پیسہ کسی غریب کو دے سکتے ہیں؟
جواب: اگر اتفاقاً کبھی مجبوری میں بلا ٹکٹ سفر کرلے تو جتنے روپے کا ٹکٹ ہو، اتنے کا کوئی جنرل ٹکٹ کائونٹر سے لے کر چاک کر دے، اس سے ٹکٹ کا پیسہ حکومت کے خزانے میں پہنچ جائے گا۔ اس سے ٹکٹ کا پیسہ غریب کو صدقہ کردینے سے ذمہ فارغ نہ ہوگا۔ (الدر المختار مع رد المحتار: 9/267، ط: زکریا) (فتویٰ :786-599/sn=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
زیادہ پانی کیلئے موگا توڑنا
سوال: بندہ صادق آباد ضلع رحیم یار خان پاکستان کا رہائشی ہے، جہاں زیرِ زمین پانی کڑواہے جوکہ فصلوں اور زمین کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اور نہری پانی کی صورتِ حال بھی انتہائی غیر یقینی ہے۔ ایک باری لگنے کے بعد 3،3-4،4 باریاں مس ہو جاتی ہیں اور وہ ایک باری بھی حکومتی نو پالیسی (موگوں کاسائز چھوٹاکرنے کے باعث) بھرپور نہیں لگ پاتی۔ اس ساری تمہید کے بعد عرض ہے کہ کسان پانی آنے پر موگا توڑتے ہیں اور کہیں اس کام کیلئے بیلدارکو پیسے (رشوت) دیتے ہیں اور کہیں جبری طور پر اپنی طاقت کی بنا پر توڑا جاتا ہے اور اگر موگا نہ توڑا جائے تو بعض دفعہ پیداوار ہوتی نہیں ہے یا اتنی کم ہوتی ہے کہ خرچہ بھی پورا نہیں ہوتا تو کیا کسان کا یہ موگا توڑنا شرعاً جائز ہے ؟ دوم، اس موگا توڑنے کیلئے بیلدار وغیرہ کو پیسے (رشوت) دینا جائز ہے؟
جواب: اگر موگا توڑنے کی وجہ سے دوسرے حق داروں کی حق تلفی ہوتی ہے تو موگا توڑنا بھی ناجائز ہے اور اس کے لیے بیل دار کو رشوت دینا اور اس کا لینا بھی ناجائز وحرام ہے۔ اور در پیش مسائل کے لیے سرکاری پانی سے استفادہ کرنے والوں کو متعلقہ محکمہ سے رجوع کرنا چاہیے۔ (فتویٰ :715-598/N=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
حاضری لگوانے کیلئے رشوت دینا
سوال: میں ایک سرکاری مزدور ہوں، میرا ایک دن کام ہوتا ہے اور دوسرے دن نہیں ہوتا، اس دن صرف حاضری ہوتی ہے، ہماری حاضری لینے والا شحص مجھے رشوت پر مجبور کرتا ہے کہ 1000 روپیہ دو اور حاضری کے لیے مت آئو، میں تمہاری حاضری لکھوں گا۔ لیکن میں انکار کرتا ہوں تو وہ مجھے پریشان کرتا ہے اور جب تنحوہ آتی ہے 3 یا 4 دن کی حاضری کٹی ہوئی ہوتی ہے، جس سے میرا 4000 کا نقصان ہوتا ہے، کیا میں 1000 روپے اسے دے سکتا ہوں؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں اگر آپ پورے مہینے حاضری دیتے ہوں اور ثبوت کے طور پر دستخط بھی موجود ہوں پھر بھی 1000 روپے رشوت نہ دینے کی وجہ سے تین چار غیر حاضری کی بنا پر تین یا چار ہزار روپے کٹ جاتے ہوں تو اس کے لیے آپ اپنے محکمہ کے بڑے افسران سے مل کر پوری صورت حال بتلائیں تو اس کا حل نکل سکتا ہے، باقی ہزار دے کر نہ آنے کے باوجود حاضری بنوانے کی قطعاً اجازت نہیں ہے، جتنے دن آپ غیر حاضر رہیں گے، اتنے دن کی تنخواہ حلال نہیں ہوگی۔ (الدر: 9/ 96، زکریا دیوبند) (فتویٰ :757-627/B=8/1439 دارالافتائ، دارالعلوم دیوبند)
٭٭٭٭٭