روحانی نسخے- مشکلات کا حل

مولانا عمر پالن پوریؒ ہندوستان کے جید عالم، عالم اسلام کے نامور داعی اور صاحب نسبت بزرگ گزرے ہیں۔ ان کے مجرب روحانی نسخوں کا مجموعہ ان کے بیٹے مولانا یونس پالن پوری نے جمع کیا ہے۔ اس کے منتخب حصے نذر قارئین ہیں۔
ستر حاجتیں پوری ہوں
امام بغویؒ نے اپنی سند کے ساتھ ایک حدیث نقل فرمائی ہے کہ رسول کریمؐ نے فرمایا کہ حق تعالیٰ کا فرمان ہے کہ جو شخص ہر نماز کے بعد سورۃ فاتحہ اور آیۃ الکرسی اور آل عمران کی دو آیتیں (ایک آیت نمبر 18 اور دوسری آیت نمبر 27 و 27) پڑھا کرے تو میں اس کا ٹھکانہ جنت میں بنا دوں گا اور اس کو اپنے حظیرۃ القدس میں جگہ دوں گا اور ہر روز اس کی طرف ستر مرتبہ نظر رحمت کروں گا اور اس کی ستر حاجتیں پوری کروں گا اور ہر حاسد اور دشمن سے پناہ دوں گا اور ان پر اس کو غالب رکھوں گا۔ (معارف القرآن جلد 2 صفحہ 28)
دونوں آیات کا ترجمہ:
(1) ترجمہ: ’’گواہی دی ہے خدا تعالیٰ نے اس کی کہ بجز اس کے کوئی معبود ہونے کے لائق نہیں اور فرشتوں نے بھی اور اہل علم نے بھی اور معبود بھی وہ اس شان کے ہیں کہ اعتدال کے ساتھ انتظام رکھنے والے ہیں۔ ان کے سوا کوئی معبود ہونے کے لائق نہیں۔ وہ زبردست حکمت والے ہیں۔‘‘
(2) ترجمہ: (اے محمدؐ) آپ (خدا تعالیٰ سے) یوں کہئے کہ اے اللہ مالک تمام ملک کے، آپ ملک جس کو چاہیں دے دیتے ہیں اور جس سے چاہیں ملک لے لیتے ہیں اور جس کو آپ چاہیں غالب کر دیتے ہیں اور جس کو آپ چاہیں پست کر دیتے ہیں، آپ ہی کے اختیار میں ہے سب بھلائی، بلاشبہ آپ ہر چیز پر پوری قدرت رکھنے والے ہیں، آپ رات (کے اجزاء) کو رات میں داخل کردیتے ہیں اور آپ جاندار چیز کو بے جان سے نکال لیتے ہیں (جیسے انڈہ سے بچہ) اور بے جان چیز کو جاندار سے نکال لیتے ہیں (جیسے پرندے سے انڈہ) اور آپ جس کو چاہتے ہیں، بے شمار رزق عطا فرماتے ہیں۔(جاری ہے)

Comments (0)
Add Comment