دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی ہائی اسکورنگ ہوگیا

ندیم بلوچ
ماہرین کے مطابق جوہانسبرگ کے نیو وینڈرز اسٹیڈیم میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی ہائی اسکورنگ ہوگا۔ جبکہ اس خصوصی ’’بیٹنگ چارجڈ‘‘ میچ کیلئے اسٹیڈیم کی بائونڈریز مختصر کردی گئی ہیں، جہاں اسکور 200 سے زائد بنایا جاسکتا ہے۔ یہاں پہلے بیٹنگ کرنے والی سائیڈ کو میچ میں برتری حاصل ہوگی۔ دوسری جانب پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی بالرز کو آڑے ہاتھوں لینے والے پروٹیز کپتان فاف ڈوپیلسی کی عدم شرکت پاکستان کیلئے فائدہ مند قرار دی جارہی ہے۔ اسی طرح پہلے میچ میں جاندار پرفارمنس پیش کرنے والے پاکستانی اسکواڈ کو برقرار رکھنے کیلئے ٹیم انتظامیہ اور کپتان شعیب ملک کے درمیان مشاورت کا سلسلہ آخری اطلاعات تک جاری رہا۔ یہ میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق جوہانسبرگ کے نیو وینڈرز اسٹیڈیم کی وکٹ ہمیشہ آئی سی سی کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ یہاں کئی مرتبہ ٹیسٹ اور ون ڈے کیلئے ایسی وکٹ تیار کی گئی، جو بلے بازوں کیلئے خطرناک قرار دی گئی۔ جبکہ دو بار آئی سی سی کو خراب وکٹ کے سبب میچ بھی روکنا پڑا۔ لیکن اس اسٹیڈیم کی انتظامیہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کیلئے خصوصی وکٹ تیار کرتی آئی ہے۔ جو ہمیشہ سے بیٹسمنوں کیلئے سازگار رہی ہے۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ یہ اسٹیڈیم ڈومسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرچکا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق نیو وینڈرز اسٹیڈیم 50 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ جس میں سب سے بڑا ٹارگٹ 260 رنز کا رہا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں 200 سے زائد رنز 11 مرتبہ بن چکے ہیں۔جبکہ 150 رنز سے زائد 20 مرتبہ بن چکے ہیں۔اور 100 رنز سے زائد 18 دفعہ بن چکے ہیں۔جبکہ ایسا کم ہی ہوا ہے کہ کوئی ٹیم 100 رنز سے کم بنائی ہوں۔رپورٹ کے مطابق یہاں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی کامیابی کا تناسب 65 فیصد رہا ہے۔ جبکہ دوسرے بیٹنگ کرنے میں زیادہ ٹیموں کو دشواری سامنا رہا ہے۔ آج کے میچ کیلئے تیار کی جانے والی پچ کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ پہلے بیٹنگ والی ٹیم کو پاور ہٹنگ کا زیادہ مواقع میسر ہونگے۔میچ کیلئے فلیٹ پچ تیار کی گئی ہے۔ جس میں 200 رنز کا فیگر باآسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔پاکستان نے اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھہل رکھے ہیں۔ان میں سے دو میں کامیابی جبکہ میزبان جنوبی افریقہ سے ایک میچ ہوا۔ جس میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دریں اثناجنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، میزبان پروٹیز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی تھی۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقن کھلاڑی دوسرا میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ تاہم دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہے۔ اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک پاکستان کے خلاف رواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے آخری دو میچز سے باہر ہو گئے، ڈی کوک انجری مسائل کے باعث اور ڈوپلیسی آرام کی غرض سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ڈی کوک کی جگہ کیپ کوبراز کے بلے باز جین مان میلان کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ جبکہ فاف ڈوپیلسی کی جگہ ڈیوڈ ملر جنوبی افریقی ٹیم کے قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ ’’کلر‘‘ کے نام سے مشہور پروٹیز ہارڈ ہٹر بیٹسمین ڈیوڈ اینڈریو ملر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جنہوں نے اپنی شاندار فیلڈ کے ذریعے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فیلڈنگ کے دوران ڈیوڈ ملر نے چار کیچ پکڑے جبکہ دو کھلاڑیوں کو گیند اسٹمپ پر ہٹ کرکے رن آئوٹ کیا۔اس شاندار پرفارمنس پر میچ ریفری نے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا۔واضح رہے کہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بھی ایسی مثال سامنے نہیں آئی۔ تاہم اس طرز کے کارنامے ون ڈے میچ میں ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ ان سے سب سے نمایاں فلائینگ مین کے نام سے مشہور جنوبی افریقی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے پھرتیلے فیلڈر جانٹی رہوڈز ہیں۔انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران پانچ ناقابل یقین کیچ تھام کر سب کو حیران کردیا تھا۔ جبکہ 1992 ورلڈکپ میں انہوں نے انضمام الحق کو ہوا میں آڑ کر ناقابل فراموش رن آئوٹ کرکے دنیا میں تہلکہ مچادیا تھا۔ اس کے علاوہ فیلڈنگ کے ذریعے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں ویسٹ انڈین سابق لیجنڈ گیوس لوجی، ویوین رچرڈز، مارک ٹیلر اور محمد کیف شامل ہیں۔ ادھر پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کیلئے کپتان اور ٹیم انتظامیہ میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہیمسٹرنگ انجری کے شکاراوپنر محمد حفیظ کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت مشکوک ہے۔ اطلاعات کے مطابق سینئر بلے باز ابھی مکمل طور پر تکلیف سے نجات حاصل نہیں پاسکے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment