جملہ پریشانیاں دور ہوں
حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ ایک روز میں رسول اقدسؐ کے ساتھ باہر نکلا، اس طرح کہ میرا ہاتھ آپؐ کے ہاتھ میں تھا۔ آپؐ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا، جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا۔ آپؐ نے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟ اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے میرا یہ حال کردیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں، وہ پڑھو گے تو تمہاری بیماری اور تنگ دستی جاتی رہے گی۔ وہ کلمات یہ ہیں:
توکلت علی الحی الذی لا یموت، الحمد للہ الذی لم یتخذ ولدا ولم یکن لہ شریک فی الملک ولم یکن لہ ولی من الذل وکبرہ تکبیرا
ترجمہ: ’’بھروسہ کیا میں نے زندہ رہنے والے پر، وہ جسے موت نہیں آئے گی، تمام خوبیاں اسی اللہ (پاک) کے لئے (خاص) ہیں، جو نہ اولاد رکھتا ہے اور نہ اس کا کوئی سلطنت میں شریک ہے اور نہ کمزوری کی وجہ سے اس کا کوئی مددگار ہے اور اس کی خوب بڑائیاں بیان کیجئے۔‘‘
اس کے کچھ عرصہ کے بعد پھر آپؐ اس طرف تشریف لے گئے، پھر اس کو اچھے حال میں پایا۔ آپؐ نے خوشی کا اظہار فرمایا، اس نے عرض کیا کہ جب سے آپؐ نے مجھے یہ کلمات بتائے تھے، میں پابندی سے ان کلمات کو پڑھتا ہوں۔ (معارف القرآن جلد 5 ص 531)
فائدہ: کسی بھی قسم کی پریشانی چاہے روزگار کے متعلق ہو، چاہے صحت کے متعلق ہو یا کوئی سخت حالات درپیش ہوں تو یہ دعائے نبویؐ مسلسل پڑھتے رہنا چاہئے۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو آسانیاں اور فراخیاں نصیب ہوں گی۔
گناہ معاف کروانے کا ایک نبویؐ نسخہ
جو آدمی جمعہ کی نماز کے بعد سو مرتبہ پڑھے گا:
سبحان اللہ العظیم وبحمدہ
ترجمہ: ’’میں پاکی بیان کرتا ہوں عظیم ذات کی اور حمد بیان کرتا ہوں۔‘‘
تو رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا کہ اس کے پڑھنے والے کے ایک لاکھ گناہ معاف ہوں گے اور اس کے والدین کے چوبیس ہزار گناہ معاف ہوں گے۔ (رواہ ابن السنی فی عمل الیوم و اللیلۃ ص 234) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭