نیند اگرنہ آئے تویہ دعا پڑھے
امام احمد ابن حنبل علیہ الرحمۃ نے اپنی مشہور کتاب ’’مسند احمد‘‘ میں نقل کیا ہے کہ صحابہ کرامؓ فرماتے ہیں کہ ہمیں رسول اقدسؐ نیند اچاٹ ہو جانے کے مرض کو دور کرنے کے لئے ایک دعا سکھاتے تھے کہ ہم سوتے وقت پڑھا کریں۔ وہ دعا یہ ہے۔
بسم اللہ اعوذ بکلمات اللہ التآمۃ من غضبہ و عقابہ و من شر عبادہ و من ھمزات الشیطین و ان یحضرون
ترجمہ: ’’شروع اللہ کے نام سے، اللہ کے پورے کلمات کے واسطے سے میں اللہ کے غضب سے اور اس کے عذاب سے اور اس کے بندوں کے شر سے اور شیاطین کے وسوسوں سے اور میرے پاس ان کے آنے سے پناہ چاہتاہوں۔‘‘
حضرت عبد اللہ ابن عمرؓ کا دستور تھا کہ اپنی اولاد میں سے جو ہوشیار ہوتے، ان کو یہ دعا سکھا دیا کرتے اور جو چھوٹے نا سمجھ ہوتے، یاد نہ کر سکتے، ان کے گلے میں اس دعا کو لکھ کر لٹکا دیتے۔
ابودائود، ترمذی اور نسائی میں بھی یہ حدیث ہے۔ امام ترمذیؒ اسے حسن غریب بتلاتے ہیں۔ (تفسیر ابن کثیر جلد 3 ص 469)
فائدہ: آج کل تقریباً ہر آدمی اس پریشانی میں مبتلا ہے کہ نیند نہیں آتی، اس کی کئی ایک وجوہات ہیں، جن میں سے ایک مال و دولت کی ہوس اور گناہوں والی زندگی گزارنا ہے، جس آدمی کو یہ مرض لاحق ہو، وہ عشاء کی نماز پڑھے اور سو جائے، بستر پاک و صاف ہو، مذکورہ بالا دعا کا ایک تعویذ بنا کر تکیہ میں رکھیں اور سوتے ہوئے اس دعا کر پڑھتے رہیں، جب تک نیند نہ آجائے اور صبح اٹھ کر فجر کی نماز پڑھیں، چند دنوں میں مرض جاتا رہے گا، ان شاء اللہ۔ لیکن سونے کا معمول یہی رکھیں۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭