آج کی دعا

دوسجدوں کے درمیان
ایک سجدہ کرنے کے بعد جب دوسرے سجدے سے پہلے بیٹھتے ہیں تو اس کو ’’جلسہ‘‘ کہتے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت یہ دعا فرمایا کرتے تھے:
رَبِّ اغْفِرْلِیْ وَارْحَمْنِیْ وَعَافِنِیْ وَاھْدِنِیْ وَارْزُقْنِیْ وَاجْبُرْنِیْ وَارْفَعْنِیْ۔ (ابودائود)
ترجمہ: اے میرے پروردگار! میری مغفرت فرمائیے، مجھ پر رحم فرمائیے، مجھے عافیت دیجئے، مجھے ہدایت دیجئے، مجھے رزق دیجئے، میرے نقص کی تلافی کیجئے، مجھے بلندی عطا فرمائیے۔
استخارے کی دعا
جب کوئی شخص کوئی کام کرنا چاہے اور یہ فیصلہ کرنا ہو کہ یہ کام کرے یا نہ کرے تو استخارہ کرنا مسنون ہے۔ جس کا طریقہ یہ ہے کہ دو رکعتیں استخارے کی نفلوں کی نیت سے پڑھے۔ پھر سلام کے بعد یہ دعا کرے:
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْتَخِیْرُکَ بِعِلْمِکَ وَاَسْتَقْدِرُکَ بِقُدْرَتِکَ وَ اَسْأَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ الْعَظِیْمِ فَاِنَّکَ تَقْدِرُوَلَا اَقْدِرُ وَتَعْلَمُ وَلَا اَعْلَمُ وَ اَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْب۔ اَللّٰھُمَّ اِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ اَنَّ ھٰذَا الْاَمْرَ خَیْر’‘ لِّیْ فِیْ دِیْنِیْ وَ مَعِیْشَتِیْ وَعَاقِبَۃِ اَمْرِیْ فَیَسِّرْہُ لِیْ ثُمَّ بَارِکْ لِیْ فِیْہِ وَ اِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ اَنَّ ھٰذَا الْاَمْرَ شَرّ’‘لِّیْ فِیْ دِیْنِیْ وَ مَعِیْشَتِیْ وَ عَاقِبَۃِ اَمْرِیْ فَاصْرِفْہُ عَنِّیْ وَاصْرِ فْنِیْ عَنْہُ وَاقْدُرْ لِیَ الْخَیْرَ حَیْثُ کَانَ ثُمَّ اَرْضِنِیْ بِہٖ۔(ترمذی وغیرہ)
ترجمہ: یا اللہ ! میں آپ کے علم سے استخارہ کرتا ہوں اور آپ کی قدرت سے طاقت چاہتا ہوں اور آپ کے فضل عظیم کا سوال کرتا ہوں ، کیونکہ آپ قدرت رکھتے ہیں، میں قدرت نہیں رکھتا، آپ علم رکھتے ہیں، میں علم نہیں رکھتا۔ بے شک آپ غیب کی باتوں کو خوب جاننے والے ہیں۔ یا اللہ! اگر آپ جانتے ہیں کہ یہ کام میرے لئے بہتر ہے، میرے دین کے اعتبار سے بھی ، میری دنیوی زندگی کے اعتبار سے بھی اور میرے انجام کار کے لحاظ سے بھی تو اسے میرے لئے مقدر فرما دیجئے، اسے میرے لئے آسان کر دیجئے اور اس میں مجھے برکت عطا فرمائیے اور اگر آپ جانتے ہیں کہ یہ کام میرے لئے برا ہے ، میرے دین کے اعتبار سے یا میری دنیوی زندگی کے اعتبار سے یا میرے انجام کار کے لحاظ سے تو اسے مجھ سے دور کردیجئے اور مجھے اس سے دور کردیجئے ، اور میرے لئے جہاں بھی بہتری ہو اس کو مقدر فرما دیجئے اور اس پر مجھے راضی بھی کر دیجئے۔
بہتر ہے کہ اہم کاموں کیلئے یہ عمل سات دن تک کیا جائے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment