پیر کے دن کی چھ خصوصیات

حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ پیر کے دن کو آقائے نامدار تاجدار مدینہؐ کی سیرت مبارکہ کے ساتھ ایک خاص مناسبت اور خصوصیت ہے، وہ یہ ہے کہ:
1…پیر کے دن حضور اقدسؐ کی ولادت باسعادت ہوئی۔
2… پیر کے دن آپؐ کو نبوت ملی۔
3…آپؐ نے پیر کے دن حجر ِ اسود کو اپنی جگہ رکھا۔
4… پیر کے دن آپؐ ہجرت کرکے مدینہ منورہ پہنچے۔
5…پیر کے دن آپؐ نے مکہ سے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کیلئے غار ثور سے سفر کی ابتدا فرمائی۔
6… پیر کے دن آپؐ کی وفات ہوئی۔ (مسند احمد)
دوزخ میں پہلے کون داخل ہوگا؟
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اقدسؐ نے فرمایا: دوزخ میں وہ تین آدمی پہلے داخل ہوں گے۔ وہ یہ ہوں گے۔
٭… ایسا امیر و حاکم جو زبردستی مسلط ہوا ہو
٭… وہ مالدار جو حق دار کو اس کا حق ادا نہ کرتا ہو
٭… وہ فقیر، جو فخر و تکبر کرنے والا ہو۔
حدیث میں آتا ہے کہ تمہاری یہ آگ، جس سے تم دنیا میں آگ جلاتے ہو، آخرت کی آگ کا 70 واں حصہ ہے، مسند بزار میں روایت منقول ہے کہ رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا: اگر مسجد میں ایک لاکھ یا اس سے بھی زیادہ افراد ہوں اور دوزخیوں میں سے کوئی شخص سانس لے لے تو ان سب کو جلا ڈالے۔
امام ترمذیؒ روایت فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا: جس نے خدا جل شانہ سے روزانہ تین مرتبہ جنت مانگی تو جنت کہتی ہے: خدایا! اسے جنت میں داخل فرما دیجئے، جو شخص دنیا میں دوزخ سے روزانہ تین مرتبہ پناہ مانگتا ہے تو دوزخ کہتی ہے: خدایا! اسے دوزخ سے پناہ دے دیجئے۔ (عبرت کا سامان)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment