پی ایل ایل میچ دیکھنے کے لئے کراچی میں خصوصی اہتمام

عظمت علی رحمانی
پی سی ایل میچز دیکھنے کیلئے کراچی کے شہریوں نے ڈیروں اور ہوٹلوں میں خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ مدارس کے طلبا بھی من پسند ٹیموں کے میچ دیکھنے کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ شہر ی انتظامیہ کراچی میں منعقد ہونے والے میچ 10 بڑے پارکوں میں دکھانے کا اہتمام کرے گی۔
پاکستان سپر لیگ کا آغاز جمعرات سے دبئی میں شروع ہوگیا ہے۔ یہ لیگ کرکٹ کے حلقوں میں ایک ایسے مقابلے کی حیثیت رکھتی ہے، جس نے پاکستان کی کرکٹ کو نیا ٹیلنٹ فراہم کیا ہے۔ دبئی میں منعقد ہونے والے ایونٹ سے قبل ہی کراچی کے شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی اپنی پسند کی ٹیموں کے حق میں زبردست تبصرے کئے گئے۔ شہریوں کی جانب سے کراچی کنگز کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے بھی پسندیدگی کے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر شہروں کے سوشل سائٹس صارفین کی جانب سے ملتان سلطان اور لاہور قلندرکیلئے مہم چلائی گئی۔
بیرون ملک میں ہونے والے پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے پاکستان کے شہریوں کیلئے واحد ذریعہ ٹیلی ویژن چینل ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں نے گھروں، ہوٹلوں، ڈیروں اور دفاتر میں بڑی اسکرینوں کا اہتمام کیا ہے۔ اس موقع پر بعض علاقوں میں دوستوں نے محفل سجا کر بھی میچز دیکھے۔ ایسے ہی ایک پروگرام میں جمعرات کو کلفٹن میں سی ویو ہوٹل پر باقاعدہ ایل ای ڈی اسکرینوں پر میچ دکھایا گیا تھا، جہاں مہمانوں سمیت ہوٹل کے جملہ ملازمین نے ایک ساتھ میچ دیکھا۔ اس حوالے سے ہوٹل کے جنرل منیجر عرفان
بشیر کا ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’میرا تعلق لاہور سے ہے، اس لئے میرے جذبات لاہور قلندرز کے ساتھ ہیں۔ تاہم میں سارے میچز انجوائے کروں گا۔ ہم نے ہوٹل کے ہر کمرے میں ایل ای ڈیز فراہم کی ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نے تمام ملازمین کے علاوہ دوستوں کو بھی مدعو کیا اور میچ کو انجوائے کیا۔ اس دوران ہم نے فاسٹ فوڈ کا بھی اہتمام کیا ہوا تھا۔‘‘ کلفٹن لائن فور میں واقع ہوٹل کلفٹن ان، میں بھی میچ دیکھنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ ہوٹل کے سی سی او صفدر ملک کا کہنا تھا کہ ’’میں نے خود پورا میچ نہیں دیکھا، تاہم ملازمین نے شوق سے بڑی ایل ای ڈی پر میچ کو انجوائے کیا ہے۔ میری ذاتی پسند اسلام آباد یونائٹیڈ ہے۔‘‘
ادھر شہریوں کی بڑی تعداد نے میچز دیکھنے کیلئے ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کا بھی رخ کئے رکھا۔ ہوٹلوں میں میچ دیکھنے کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ وہاں کھانا کھانے اور چائے پینے کے سستے خرچے میں میچ بھی دیکھنے کی سہولت میسر آجاتی ہے۔ اسی طرح شہر کے بعض ہوٹلوں میں میچ کے دوران بڑا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ محمود آباد میں واقع کیفے المدینہ ہوٹل میں بھی شہریوں کی بڑ ی تعداد ہوٹل میں موجود ٹیلی ویژن پر میچ دیکھا۔ ہوٹل کے مالک دلشاد خان کا کہنا تھا کہ ’’ہوٹل میں آنے والے ہر گاہک کا اپنا رحجان ہوتا ہے۔ تاہم ہر ایک خوشی سے میچ دیکھ رہا ہوتا ہے۔ اکثر لوگ چائے پیتے ہیں اور کھانے کے وقت کھانا بھی کھاتے ہیں۔ میچز کے دوران گاہکوں کا رش پہلے کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔ اس دوران مدارس کے طلبا بھی ہوٹل میں آتے ہیں اور چائے کے بہانے میچ دیکھتے ہیں۔‘‘ اسی طرح اکثر بس اڈوں کے قریبی ہوٹلوں میں بھی رش دیکھنے میں آیا جہاں گاہکوں نے شوق سے میچ دیکھا۔
مارکیٹوں اور سڑکوں کے قریب بیٹھے بعض موچیوں کی جانب سے ریڈیو پر میچ سنا جا رہا تھا۔ ریڈیو کی آواز بلند ہونے کی وجہ سے گزرنے والوں کی جانب سے اسکور پوچھا جاتا رہا۔ ایسا ہی رجحان ہیئر ڈریسرز کی دکانوں میں بھی دیکھنے کو ملا، جہاں آنے والوں نے ٹیلی ویژن پر میچ دیکھا۔ میچز کے حوالے سے مدارس کے طلبا میں بھی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز مدارس میں چھٹی ہونے کی وجہ سے طلبا نے گھروں اور ہوٹلوں میں میچ دیکھا۔ تاہم اکثر مدارس میں جمعہ کو نماز مغرب کے بعد حاضری شروع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے بعض مدارس کے طلبا میچ نہیں دیکھ سکے۔ جبکہ بعض مدارس کے طلبا صرف میسجز کے ذریعے اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہے۔ اس حوالے سے اقرا جامعہ روضہ الاطفال اکیڈمی کے پرنسپل مولانا مفتی نسیم ثاقب کا کہنا تھا کہ ’’ہم دوستوں نے ایک ڈیرے میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔ جہاں ہمارے ساتھ مولانا رضوان اللہ، حافظ شیر عالم، سر سلیم، امین اللہ کوئٹہ وال اور عبدالصمد سمیت دیگر شامل تھے۔‘‘
معلوم رہے کہ بعض علاقوں میں شائقین کی جانب سے اپنی من پسند ٹیم کے ناموں کے شرٹیں بھی بنائی گئی ہیں، جن کو پہن کر وہ میچ دیکھتے ہیں۔ دوسری جانب کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے کراچی کو ’’دی کرکٹ سٹی‘‘ کا ٹائٹل دیتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ جو لوگ نیشنل اسٹیڈیم نہیں جاسکیں گے ان کیلئے دس مختلف پارکس میں لائیو میچز دکھانے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اس کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کی جانب سے ایک نجی آرگنائزر کی حیثیت سے کراچی کے مختلف پارکس میں پی ایس ایل میچز کی لائیو اسٹریمنگ کے انعقاد کی پیشکش پر غور کیاجارہا ہے۔ کراچی کے دس کے قریب پارکوں اور مقامات پر لائیو میچز دیکھنے کیلئے بڑی اسکرین نصب کی جائیں گی، جہاں کھانے پینے کی اشیا کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ میچ دیکھنے کے خواہشمند افراد کیلئے واٹس اپ کے ذریعے رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ کراچی کے کئی چوراہوں پر لائیو اسٹریمنگ فلوٹس کے انتظامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment