ہر جائز مراد پوری ہو:
پارہ 9، سورۃ الانفال کی آیت نمبر: 9
ترجمہ: ’’اس وقت کو یاد کرو جب تم اپنے رب سے فریاد کررہے تھے پھر خدا تعالیٰ نے تمہاری سن لی کہ میں تم کو ایک ہزار فرشتوں سے مدد دوں گا جو سلسلہ وار چلے آویں گے۔‘‘
فائدہ: مسلمانوں پر واجب ہے کہ تمام امور میں خدا پر توکل کریں، اس کے سوا کسی اور پر وثوق نہ کریں، مدد اور کامیابی اسی قوت والے کے ہاتھ میں ہے، جو سب کا پیدا کرنے والا ہے، ہر جائز مراد کے لیے 14 دفعہ مذکورہ آیت 11 دن تک پڑھیں۔
اولاد کے رشتہ کیلئے:
پارہ 20، سورۃ القصص کی آیت نمبر: 24
ترجمہ: ’’اے میرے پروردگار (اس وقت) جو نعمت آپ مجھ کو بھیج دیں، میں اس کا سخت حاجت مند ہوں۔‘‘
فائدہ: اگر آپ کی لڑکی کے لیے رشتہ نہ آتا ہو یا آتا ہو مگر پسند نہ آتا ہو تو آپ 112 مرتبہ اس آیت کو پڑھیں اور تین دفعہ سورۃ الضحٰی کو پڑھیں اور یہ عمل ہر مہینہ کے شروع میں 11 دن تک پڑھیں اور تین مہینہ تک جاری رکھیں۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو اچھا رشتہ نصیب ہو گا۔
بیٹا عالم فاضل ہو اور ذہین ہو:
پارہ 5، سورۃ النساء کی آیت نمبر 113
ترجمہ: ’’اور آپ کو وہ باتیں بتلائی ہیں، جو آپ نہ جانتے تھے اور آپ پر خدا تعالیٰ کا بڑا فضل ہے۔‘‘
فائدہ: اگر آپ کا بچہ کند ذہن ہو یا طالب علم ہو تو اس کو مذکورہ آیت 121 مرتبہ پانی پر دم کر کے روزانہ پلائیں۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی برکت سے عالم فاضل ہو جائے گا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭