ہندو برادری نے مودی کو انسانیت کا قاتل قرار دیدیا

امت رپورٹ
ہندو برادری نے مودی کو انسانیت کا قاتل قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم الیکشن میں کامیابی اور اقتدار کے حصول کیلئے خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ کراچی میں مقیم ہندو کمیونٹی کے افراد نے ’’امت‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ نریندر مودی کو بھارت کے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ وہ لاشوں کی سیاست کر کے اپنے اقتدار کو طول دینا چاہتا ہے۔ اگر بھارت کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو ہندو برادری پاکستانی عوام اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ نریندر مودی کو آئندہ الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے، جس سے بچنے کیلئے وہ جنگ کے شعلے بھڑکانا چاہتا ہے۔
’’امت‘‘ کی جانب سے بھارتی جارحیت اور جنگی صورت حال پیدا ہونے پر کراچی کے رہائشی ہندوئوں سے بات چیت کی گئی۔ اس دوران شانتی کمار کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات اچھے ہونے سے دونوں ملکوں کا فائدہ ہوگا۔ بھارتی عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ جبکہ نریندر مودی کرسی کے لالچ میں اندھا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ہمیں اگلے مورچوں پر بھیجا جائے تو بھارتی فوجیوں کے خلاف پاک فوج کے شابہ بشانہ لڑیں گے‘‘۔ ریچے کمار نے بتایا کہ وہ مرچنٹ نیوی سے ریٹائرڈ ہیں اور انہوں نے دنیا دیکھی ہے۔ لیکن پاکستانی ہونے کی وجہ سے انہیں بھارت میں برے سلوک کا سامنا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے پاکستانی اور پھر ہندو ہیں۔ بھارتی جارحیت پر انہوں نے بھی یہی کہا کہ مودی آئندہ الیکشن شکست سے بچنے کیلئے بھارتی عوام میں جنگی جنون پیدا کر رہا ہے۔ وہ ایک جنونی اور انتہا پسند شخص ہے۔ جبکہ ہمارا ہندو مذہب امن کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان سے جنگ کا ارادہ ترک کر دیں۔ ورنہ بدترین شکست ان کا مقدر ہوگی۔ گانتی نے بھارتی جارحیت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی پاگل اور لالچی آدمی ہے۔ وہ الیکشن سے قبل جنگ چھیڑ کر بھارتی عوام کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ منوج کمار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم دونوں ملکوں میں جنگ کروا کے اپنا مفاد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ جنگ لگنے کی صورت میں وہ بھی ہتھیار اٹھا کر پاک فوج کے ساتھ بھارتیوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ پرشاد راٹھور کا کہنا تھا کہ ’’ہمارا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے۔ یہ ہمارے پرکھوں کا وطن ہے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور اپنے پاک وطن کیلئے جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کا پاک فوج بھرپور جواب دے گی‘‘۔ پرشاد راٹھور نے کہا کہ بے وقوف مودی پاکستان کو کمزور سمجھ رہا تھا۔ پاک فضائیہ نے دو انڈین طیارے گراکر سمجھا دیا کہ آئندہ ہماری فضائی حدود میں گھسنے کی کوشش نہ کرنا۔ پاکستانی افواج مودی کے ہر ناپاک ارادے کو خاک میں ملا دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندو برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ مندروں میں پاک وطن کی سلامتی کیلئے خصوصی پراتھنا کی جارہی ہیں۔ گنیش بابو کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو پاکستانی ہندو پسند نہیںکرتے۔ وہ طرح طرح کے ڈرامے کر کے اپنی قوم کو بھی دھوکہ دے رہا ہے، کیونکہ اس کو الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے۔ لیکن اگر اس نے جنگ شروع کی تو مودی ذلیل و خوار ہوگا۔ اس کو امن پسند ہندو بھی انسانیت کا قاتل سمجھتے ہیں۔ ہندو مذہب امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ جبکہ مودی ہندوئوں کو انتہا پسند اور قاتل کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ یہ ایٹمی ہتھیاروں کا دور ہے۔ مودی تھوڑی عقل استعمال کرے۔ مودی سرکار جنگ کا ماحول پیدا کرکے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کے ہندو پاک فوج کے ساتھ باڈر پر لڑیں گے۔ لال جی نے بھارتی جارحیت پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سن لو! ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری ہندو برادری پاک فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان ہمار گھر ہے اور اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ مندروں میں مودی کی بربادی اور پاکستان کی فتح کیلئے پراتھنا کررہے ہیں۔ گوندا نے کہا کہ مودی کو امن اچھا نہیں لگتا۔ الیکشن میں شکست کے خوف سے وہ پاگل ہوگیا ہے۔ پاکستانی ہندوئوں کی ہمدردیاں پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ہمارا مذہب امن کا پیغام دیتا ہے۔ شنکر کمار نے کہا کہ مودی کرسی کے چکر میں اندھا ہوچکا ہے۔ اس کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ جنگ شروع کرنا آسان ہوتا ہے۔ لیکن وہ یہ یاد رکھے کہ دونوں ملک ایٹمی پاور رکھتے ہیں اور جنگ سے بہت زیادہ نقصان ہوگا۔ شنکر لعل نے کہا کہ کراچی کی ہندو برادری ہمیشہ پاک فوج اور پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، اب بھی کھڑی ہوگی۔ ہمیں اسلحہ دیکر بارڈر پر بھیجا جائے۔ سنیل کا کہنا تھا کہ ہندو برادری مودی کے جنگی ایجنڈے کو مسترد کرتی ہے۔ مودی نے کبھی بھارت کے غریب ہندوئوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ وہ الیکشن میں شکست کے خوف سے جنگ چھیڑنا چاہتا ہے۔ جس سے غریب بھارتی عوام کا بہت نقصان ہوگا۔ اس کے ہاتھ مسلمانوں کے علاوہ ہندوئوں کے خون میں بھی رنگے ہوئے ہیں۔ اگر مودی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا، تو ہندو برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ جیون کا کہنا تھا کہ کراچی میں رہنے والی ہندو برادری مودی کی غلط پالیسیوں کے سخت خلاف ہے، اس کو نہ جانے کس بات کا غرور ہے۔ پاکستان ہمارا گھر ہے اور اس کی حفاظت ہماری بھی ذمہ داری ہے۔ بابو لعل نے کہا کہ خطے کا ماحول خراب نہ کیا جائے۔ جنگ دونوں ملکوں کیلئے نقصان دہ ہوگی۔ پٹواری لعل نے کہا کہ بھارت کے عوام کی اکثریت غربت کا شکار ہے۔ لیکن مودی پاکستان سے جنگ چھیڑ کر ہیرو بننا چاہتا ہے۔ اس کے منہ کو انسانی خون لگ چکا ہے۔ مودی کے کردار کے حوالے سے دنیا بھر میں ووٹنگ کرائی جائے تو کوئی اس کو ووٹ نہیں دے گا۔ اس کی متعصبانہ پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت بدنام ہورہا ہے۔ کراچی کی ہندو برادری یہ اعلان کرتی ہے کہ وہ پاک فوج کے ساتھ ہے۔ مودی نے دنیا بھر میں ہندوئوں کی عزت داؤ پر لگادی ہے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment