آئی پی ایل پر بھی غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے

ندیم بلوچ
پاکستان سپر لیگ کو ضرب لگانے کی کوشش بھارت کو مہنگی پڑنے لگی ہے۔ پاکستان کے جوابی حملے کے بعد دنیا کی سب سے مہنگی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر بھی غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے بڑھتی کشیدگی اور بھارت میں عام انتخابات کے سبب بھارتی لیگ کے شیڈول اور وینوز میں تبدیلی کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستانی جیٹ طیاروں کی گھن گرج سے بھارت میں موجود آسٹریلین ٹیم خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی حوالگی کے بعد پوزیشن واضح ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان میں پی ایس ایل کی تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات اور بھارتی میڈیا سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند بھارت کو خود اپنی لیگ کی ناکامی کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ آئی پی ایل سے بھارتی سرکار کو 10 بلین ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔ واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد لیگ کی افتتاحی تقریب منسوخ کردی گئی ہے اور اس کیلئے مختص کیا گیا50 ملین ڈالر کا ہیوی بجٹ پلوامہ میں مرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذرائع کے بقول یہ صورتحال بھارت کیلئے مکافات عمل ہے۔ دوسری جانب پی ایس ایل سے غیر ملکی کرکٹرز کو الگ کرنے کی منظم سازش رچانے کا جواب آسٹریلیا کی جانب سے بھارت کا دورہ ادھورا چھوڑ کر جانے کی صورت پر ملنے والا ہے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کی کارروائیوں نے بھارت میں موجود آسٹریلوی ٹیم کو بھی خوف زدہ کردیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد کینگروز پلیئرز نے ون ڈے سیریز کھیلے بغیر جانے کی تیاری کرلی ہے۔ تاہم بھارتی بورڈ کی درخواست پر کرکٹ آسٹریلیا مزید دو دن انتظار پر آمادہ ہوگئی ہے۔ دو دن کی مہلت اس لئے مانگی گئی ہے کہ پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ کی ممکنہ حوالگی کے بعد پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ اسی طرح بھارت میں موجود آئرش ٹیم بھی خطے کی کشیدہ صورتحال سے پریشان ہے، جو ان دنوں دہرہ دون میں افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ جبکہ اس کا آئی سی سی، آئرش فارن آفس اور یو کے کامن ویلتھ آفس سے بھی رابطہ ہے۔ دہرہ دون ایئرپورٹ کی بندش نے بھی آئرش کھلاڑیوں کی گھبراہٹ میں اضافہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم خود اسپورٹس مین رہ چکے ہیں اور وہ بھارتی پائلٹ اس لئے واپس دینا چاہتے ہیں تاکہ سیز فائر کا باقاعدہ اعلان کیا جائے اور پاکستان میں شیڈول پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد یقینی بنائی جاسکے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خود بھارت بھی ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہے۔ کیونکہ 23 مارچ سے انڈین پریمیر لیگ کا میلہ سجنے والا ہے۔ اگر بھارت سیز فائر کا اعلان نہیں کرے گا تو لیگ میں شامل غیر ملکی کرکٹرز کبھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے۔ ادھر دہلی سرکار اپریل مئی میں ہونے والے عام انتخاب میں ممکنہ دہشت گردی کا الرٹ جاری کرچکی ہے۔ جس کی وجہ سے آئی پی ایل انتظامیہ آدھا ایونٹ جنوبی افریقہ منتقل کرسکتی ہے۔ تاہم یہ خدشہ بھی ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ جنگی صورتحال جاری رکھی تو پوری بھارتی لیگ جنوبی افریقہ میں کرانی پڑ سکتی ہے۔ ادھر بھارت سے کشیدگی کے بعد پی سی بی حکام نے دبئی میں غیر ملکی کرکٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ عہدیدار فارن پلیئرز کو پاکستان میں مکمل سیکورٹی کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔ تاہم پاکستان میں میچز نہ ہونے کی صورت میں لیگ کے تمام مقابلے یو اے ای میں کرانے کا آپشن بھی موجود ہے۔ لیکن حتمی فیصلہ پی سی بی حکام حکومت اور سیکورٹی اداروں سے بات چیت کے بعد کریں گے۔ اس حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑی، ٹیم منیجمنٹ اور فرنچائز مالکان بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ وہ فارن پلیئرز کو آمادہ کرلیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی اور لاہور میں پی ایس ایل ایونٹ کیلئے سجاوٹ کا کام تیز کردیا گیا ہے۔ کراچی میں شاہراہ فیصل اور اسٹیڈیم روڈ کے اطراف کی سڑکوں پر غیر ملکی اور قومی کھلاڑیوں کے دیو قامت پوسٹرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل میچزکیلئے تقریباً تیار ہوچکا ہے۔ جبکہ تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے۔ ایونٹ کے انعقاد کیلئے سیکورٹی ادارے بھی مستعد ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کو 7 سے 17 مارچ تک فائنل سمیت پی ایس ایل کے 5 میچز کی میزبانی کرنا ہے۔ اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم، چیئرمین باکسز اور میڈیا سینٹر تیار ہوچکے، پریس کانفرنس ہال بھی نیا بنایا گیا ہے، کئی انکلوژرز میں نئی کرسیاں نصب کی گئی ہیں اور پرانی چیئرز پر رنگ و روغن کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کا میدان بھی ہرا بھرا نظر آرہا ہے۔ ریذیڈنٹ انجینئر عمران زبیری نے بتایا ہے کہ چند روز میں تمام کام پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔
ادھر بھارت نے آئی سی سی کے اجلاس میں بھی رونا دھونا شروع کردیا اور انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں اپنے پلیئرز کی سیکورٹی پر خدشات ظاہر کئے ہیں۔ دبئی میں آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو راہول جوہری نے اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے موقع پر سیکورٹی کے بارے میں سوال اٹھایا۔ جس پر کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ایونٹ کے دوران تمام شرکا کی حفاظت کیلئے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم اس حوالے سے بھارتی خدشات کو دور کیا جائے گا۔٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment