امت رپورٹ
کراچی کے دو لاکھ سے زائد ماہی گیروں نے پاک بھارت جنگ کی صورت میں پاک بحریہ کے شابہ بشانہ لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ماہی گیر سمندر کا سپاہی ہے۔ جنگ کی صورت میں بھی شکار ترک نہیں کریں گے۔ ماہی گیری کے ساتھ ساتھ اپنی سمندری حدود کی نگرانی بھی کریں گے۔ جذبہ شہادت سے سرشار ماہی گیروں کے بقول انہیں بزدل بھارتی نیوی کا کوئی خوف نہیں۔ وہ پاکستانی سمندر کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اگر دشمن نے حملے کی ناپاک جسارت کی پاکستان نیوی کے ساتھ مل کر منہ توڑ جواب دیں گے۔ نہتے ماہی گیر بزدل بھارتیوں کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد ’’امت‘‘ کی جانب سے کراچی میں واقع ماہی گیروں کی بستیوں کے سروے میں معلوم ہوا کہ تمام ماہی گیر بھی الرٹ ہو چکے ہیں اور ان میں بھارت کی ناپاک جسارت پر شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ وہ پاک بحریہ کے شانہ بشانہ بھارت کے ساتھ جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔ ساحلی علاقوں کا ماحول تبدیل ہو چکا ہے۔ محب وطن ماہی گیر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ’’امت‘‘ سے گفتگو میں ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ کراچی کے دو لاکھ سے زائد ماہی گیر بھی پاک بحریہ کا حصہ بن کر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پاک فضائیہ کی طرح پاکستان کی بحریہ بھی سمندری حدود کی خلاف ورزی کا بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔ دو طیاروں کی تباہی کے بعد بھارت کو سمجھ جانا چاہئے کہ پاکستان سے جنگ اس کے بس کی بات نہیں ہے۔ ابراہیم حیدری کے رہائشی ماہی گیر شکور نے بتایا کہ زندگی بھر مچھلی کا شکار کر کے بچوں کیلئے روٹی کمائی ہے۔ لیکن وہ اپنے ملک کی سلامتی کیلئے جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔ شکور کا کہنا تھا کہ انسانیت کا قاتل مودی خود کو نہ جانے کیا سمجھ رہا ہے۔ اگر اس نے ہماری سمندری حدود کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری بحریہ جواب دینے کیلئے بالکل تیار ہے اور ہر ماہی گیر پاکستان کا سمندری سپاہی ہوگا۔ ماہی گیر برادری پاک بحریہ کے ساتھ مل کر بھارتی بحریہ کے عزائم خاک میں ملا دے گی۔ ماہی گیر رفیق نے کہا کہ پاکستانی سمندری حدود کی حفاظت اور نگرانی ماہی گیروں کا اولین فرض ہے۔ تمام ماہی گیر بھارتی حملے کی صورت میں وطن کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ وہ اپنی جان لڑا دیں گے اور بھارتی عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ ماہی گیر محبوب کا کہنا تھا کہ وہ 40 سال سے ماہی گیری کر رہا ہے۔ اس کو اپنے ملک اور سمندر سے بے انتہا پیار ہے۔ اگر پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے جان بھی دینی پڑی تو دریغ نہیں کرے گا۔ ماہی گیروں کو پاک بحریہ کے افسران جو حکم دیں گے، اس پر دل و جان سے عمل کیا جائے گا۔ ہمیں بھی اس ملک پر کٹ مرنے کا شوق ہے۔ ماہی گیر انور نے بتایا کہ وہ شہادت کا شوق رکھتا ہے۔ آج کل پاکستان اور ہندوستان میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے۔ اگر جنگ ہوئی تو وہ پاکستان نیوی کو اپنی خدمات پیش کردے گا۔ کیونکہ اس کو بحریہ کے ساتھ مل کر دشمن کے خلاف جنگ کرنے کی تمنا ہے۔ ماہی گیر سمندر میں ہوں یا ساحلی بستیوں میں بیٹھے ہوں۔ انہیں پتا ہوتا ہے کہ ان حالات میں کیا اور کیسے کرنا ہے۔ لہذا وہ اپنا فرض ادا کریں گے۔ ماہی گیر اصغر نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے قربانیاں دے کر یہ ملک بنایا ہے۔ اب ہم اس کی حفاظت کیلئے سر کٹا دیں گے۔ مکار دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ہماری افواج تیار ہیں۔ ہماری ہوائی فوج نے دو طیارے گراکر ثابت کر دیا ہے کہ ہم مودی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اگر ہمت ہے تو بھارتی نیوی بھی شوق پورا کرلے۔ اس کو بھی منہ کی کھانی پڑے گی۔ بھارتی بحریہ کے جہازوں کو ایک انچ بھی اپنی حدود میں نہیں آنے دیں گے۔ جمیل نے بتایا کہ تمام ماہی گیر معمول کے مطابق شکار پر جارہے ہیں۔ انہیں کوئی خوف نہیں ہے، بلکہ ان میں شہادت کا جذبہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگر جنگ لگی تو اپنی جان و مال سمیت سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ ماہی گیر ابوبکر نے بتایا کہ بھارت ہمارے گرفتار ماہی گیروں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ جبکہ پاکستانی جیلوں میں قید بھارتیوں کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا جاتا ہے۔ ہندوئوں اور مسلمانوں میں یہی تو فرق ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں۔ لیکن اگر کوئی پڑوسی زیادتی کرے تو اس کو برداشت نہیں کر سکتے۔ بھارتی بحریہ کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے یہ سوچ لے کہ پاکستان نیوی کے افسران و جوانوں کے ساتھ ساتھ دو لاکھ سے زائد ماہی گیر بھی شہادت کا شوق رکھتے ہیں اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ماہی گیر امانت کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ ماہی گیر بھی الرٹ ہیں اور اپنی سمندری حدود کی کڑی نگرانی کررہے ہیں۔ ہماری فضائیہ، بحریہ اور آرمی بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہمارے سپاہی پانی، خشکی اور فضا میں الرٹ ہیں۔ ماہی گیر یوسف کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنا ہر حربہ استعمال کرلے، اس کو کرارا جواب ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے ہاتھوں دو بھارتی طیاروں کی تباہی کے بعد ماہی گیروں میں جوش و جذبہ بڑھ گیا ہے۔ ہر ماہی گیر اس ملک کا سپاہی ہے اور پاک بحریہ کے شانہ بشانہ بھارتیوں کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کو تیار ہے۔ سلمان نے بتایا کہ ماہی گیر سمندر میں اس جذبے کے ساتھ جارہے ہیں کہ شکار کے دوران وہ کراچی سے کئی دن کی مسافت پر ہوں گے اور ہر صورت حال کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ان کے دل میں کوئی خوف نہیں ہے۔
٭٭٭٭٭