فرشتوں کی عجیب دنیا

سجدے میں سونے والے پر فخر
(حدیث) حضرت حسن (بصریؒ) فرماتے ہیں کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جب کوئی بندہ سجدہ کرتے ہوئے (نیند کے غلبہ سے) سوجاتا ہے تو اس پر خدا تعالیٰ فرشتوں کے سامنے فخر کرتے اور فرماتے ہیں: میرے بندے کی طرف دیکھو، اس کی روح میرے پاس ہے اور وہ (پھر بھی) میرے لئے سجدے میں پڑا ہے۔ (زہد امام احمد، اتحاف السادۃ المتقین 420/1)
(فائدہ) صحابہ کرامؓ سے مروی ہے کہ جب آدمی سو جاتا ہے تو اس کی روح جسم سے نکل کر عرش خداوندی کے نیچے جاکر سجدہ ریز ہوتی ہے، وہاں اگر سونے والا حالت جنابت میں ہو تو اسے سجدہ کرنے کی اجازت نہیں ملتی۔ (ابن قیم، المصالح العقلیہ ج 1 ص 57، کنز العمال)
شب قدر میں فرشتوں کا نزول
(حدیث) حضرت ابو سعید (خدریؓ) فرماتے ہیں کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جب شب قدر ہوتی ہے تو حضرت جبرائیلؑ فرشتوں کی ایک جماعت سمیت نازل ہوتے ہیں جو ہر کھڑے اور بیٹھے خدا کا ذکر کرنے والوں کیلئے دعا کرتے ہیں۔ جب مسلمانوں کی عید کا دن آتا ہے تو رب تعالیٰ فرشتوں کے سامنے ان پر فخر کرتے اور فرماتے ہیں: اے میرے فرشتو! اس مزدور کا کیا حق ہے جو اپنا کام پورا کر چکے؟ وہ عرض کرتے ہیں: اے باری تعالیٰ اس کا حق اور انعام یہ ہے کہ اس کو پوری پوری مزدوری عنایت فرما دی جائے۔(شعب الایمان امام بیہقی، مشکوۃ المصابیح ۲۰۹۶ بزیادۃ طویلۃ بحوالہ شعب الایمان بیہقی از حضرت انسؓ، جمع الجوامع ۲۴۸۷، درمنثور ۶/ ۳۷۷)
(فائدہ) اس مضمون کو آئندہ حدیث میں تفصیل سے ذکر فرمایا گیا ہے۔ چنانچہ ملاحظہ فرمائیں۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment